ایمازون کے بانی جیف بیزوس ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے

بدھ 6 مارچ 2024 10:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2024ء) ایمازون کے بانی جیف بیزوس ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ۔ اردو نیوز نے بلومبرگ بلینیئر انڈیکس کے حوالے سے بتایا کہ ٹیسلا کے شیئرز 7.2 فیصد گرنے کے بعد ایلون مسک نے دنیا کی امیر ترین شخصیت ہونے کی اپنی پوزیشن کھو دی ہے۔انڈیکس کے مطابق ایمازون کے بانی جیف بیزوس کی مجموعی دولت کی مالیت 200 ارب ڈالر ہے جبکہ ایلون مسک کی دولت کی مالیت 198 ارب ڈالر ہے۔

ایلون مسک کی دولت میں گزشتہ سال کے دوران تقریباً 31 ارب ڈالر کی کمی ہوئی ہے جبکہ جیف بیزوس کی دولت میں 23 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔بلومبرگ انڈیکس کے مطابق امیر ترین افراد کی فہرست میں لوئی ویٹون کے سی ای او برنارڈ آرنلٹ 197 ارب ڈالرکے ساتھ تیسرے ، میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ 179 ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے،مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس 150 ارب ڈالر کے ساتھ پانچویں،سٹیو بالمر چھٹے، وارن بوفیٹ ساتویں، لیری ایلیسن آٹھویں، لیری پیج نویں ، سرگے برن دسویں اور بھارتی ارب پتی مکیش امبانی 115 ارب ڈالر کے ساتھ 11ویں نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہےکہ دنیا کی امیر ترین شخصیات کی فہرست ہر چند ماہ بعد بدلتی ہے جو مارکیٹ کی کارکردگی پر منحصر ہوتی ہے۔ آکسفیم کی سالانہ عدم مساوات کی رپورٹ کے مطابق 2020 سے دنیا کے پانچ امیر ترین افراد کی مجموعی دولت 114 فیصد بڑھ کر 869 ارب ڈالر ہوچکی ہے۔