روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ، 12 رکنی سعودی وفد کراچی ائیرپورٹ پہنچ گیا

سعودی حکام کراچی ائیرپورٹ کو روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کرنے کا جائزہ لیں گے

بدھ 6 مارچ 2024 13:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2024ء) روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ شروع کرنے کے سلسلے میں سعودی عرب کا 12رکنی وفد کراچی ائیرپورٹ پہنچ گیا۔وفاقی سیکریٹری مذہبی امور اور ڈائریکٹرحج کراچی نے کراچی ائیرپورٹ پر سعودی وفد کا استقبال کیا۔ سعودی حکام کراچی ائیرپورٹ کو روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کرنے کا جائزہ لیں گے۔ حج کے دوران پاکستانی حجاج کو کراچی ائیرپورٹ پر امیگریشن سہولیات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سعودی حکام وزارت مذہبی امور، امیگریشن، سول ایوی ایشن، اے ایس ایف اور کسٹمز سمیت دیگر محکموں کے حکام کے ساتھ کراچی ایئرپورٹ کا مشترکہ سروے کریں گے۔ذرائع کے مطابق سعودی حکام کی رپورٹ پر رواں سال کراچی ایئرپورٹ کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا۔روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت حج کے دوران حجاج کی امیگریشن جدہ ایئرپورٹ کے بجائے کراچی ایئرپورٹ پر ہو گی۔ اس وقت صرف اسلام آباد ایئرپورٹ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل ہے۔کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔