صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی سے پرتگال اورمیانمارکیلئے پاکستان کے نامزد سفراء کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں

بدھ 6 مارچ 2024 20:07

صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی   سے پرتگال اورمیانمارکیلئے پاکستان کے نامزد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2024ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ تجارتی و معاشی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرتگال اور میانمار کیلئے پاکستان کے نامزد سفراء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق پرتگال کیلئے نامزد پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد خالد اعجاز سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے مابین تجارت مزید بڑھانے کیلئے کام کریں، پاکستان معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنےکیلئے کوشاں ہے، غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کے کاروبار دوست ماحول سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے مابین سیاسی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید تقویت دینا ہوگی، دونوں ممالک کے درمیان سیاسی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پرتگال کی کمپنیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کے تربیت یافتہ انسانی وسائل سے مستفید ہوسکتی ہیں۔ صدر مملکت نے پرتگال کیلئے نامزد پاکستانی سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

صدر عارف علوی نے میانمار کیلئے نامزد پاکستانی سفیر عمران حیدر سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور میانمار کے مابین دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور میانمار کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے کاروباری شعبے میں روابط بڑھانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قدیم بدھ مت ورثہ دونوں ملکوں کو سیاحتی اور ثقافتی میدانوں میں مزید قریب لا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے میانمار میں نامزد سفیر کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔