ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کا شیخ رشید کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کاحکم

بدھ 6 مارچ 2024 21:24

ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کا شیخ رشید کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2024ء) ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان اورجسٹس مرزا وقاص رئوف پر مشتمل ڈویژن بنچ نے شیخ رشید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)سے نکالنے کا حکم دیا ہے عدالت نے ہدائیت کی ہے کہ درخواست گزار کو بیرون ملک جانے سے نہ روکا جائے گزشتہ روزسماعت کے موقع پرشیخ رشید اپنے وکلا سردارعبدالرازق اور سردار شہباز خان کے ہمراہ عدالت میں موجود تھے جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ اور نیب کے پراسیکیوٹرعدالت میں پیش ہوئے اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سیکریٹری داخلہ عدالت کے طلب کرنے کے باوجود پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ سے استفسار کیا کہ سیکریٹری داخلہ کہاں ہیں جس پر ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ وہ سپریم کورٹ میں مصروفیت کی وجہ سے حاضر نہیں ہو سکے جس پر عدالت نے سوال کیا کہ درخواست گزار کا نام ای سی ایل میں کیوں ڈالا گیا ہے تو ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ نیب نے 190 ملین پاؤنڈ کے مالیاتی سکینڈل القار ٹرسٹ میں شیخ رشید کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ چونکہ شیخ رشید وفاقی کابینہ میں شامل تھے اس لئے سکینڈل کی تحقیقات میں شیخ رشید کا نام شامل کیا گیاتھا تاہم تحقیقات کے بعد نیب نے ملزمان کی فہرست سے شیخ رشید کا نام نکال دیا تھاجس پر عدالت نے استفسار کیا کہ اگر درخواست گزاراس کیس میں مطلوب نہیں تو انکا نام کس نے ای سی ایل میں ڈالا عدالت نے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو2 گھنٹے دے رہے ہیںآپ اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں ورنہ آپ کے خلاف کاروائی کرینگے اس موقع پر عدالت نے کیس کی کاروائی میں دو بجے تک وقفہ کر دیا وقفہ کے بعد بھی سیکریٹری داخلہ کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے شیخ رشید کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے پٹیشن نمٹا دی عدالت نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار کو بیرون ملک جانے سے نہ وکا جائے۔