کراچی چیمبر کا رمضان سے پہلے مہنگائی کے رجحان پر تشویش کا اظہار

جمعرات 7 مارچ 2024 23:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2024ء) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے سینئر نائب صدر الطاف اے غفار نے رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے درخواست کی ہے کہ وہ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس بلائیں تاکہ مؤثر حکمت عملی وضع کی جا سکے اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت اقدامات کئے جا سکیں کیونکہ اشیاء کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر سخت کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

بصورت دیگر مہنگائی کا سونامی غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دے گا۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ کراچی والوں کو مہنگائی کی ایک اور شدید لہر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں نے قیمتوں میں اضافہ کرکے اور مختلف گھریلو مصنوعات اور اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا کرکے زیادہ سے زیادہ منافع کمانے کے لیے اپنی غیر قانونی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جاری اپنے بیان میں سینئر نائب صدر کے سی سی آئی نے مطالبہ کیا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت منافع خوروں کے خلاف بھی سخت ترین کارروائی عمل میں لائے جو نرخوں کے نفاذ کے کمزور طریقہ کار کا فائدہ اٹھاکرغریب عوام کو بلاخوف لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قیمتوں پر قابو پانے کا ایک مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے جس میں گھریلو مصنوعات کے منافع کی شرح کے ساتھ حتمی قیمتیں طے کی جائیں اور طے شدہ قیمتوں پر عوام کو اشیاء کی ہر صورت فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ پہلے سے پریشان اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو رمضان کے مقدس مہینے میں کچھ ریلیف مل سکے۔

اس مقصد کے لیے کمیٹیاں بنائی جائیں جن میں مارکیٹوں کی ایسوسی ایشن کو بھی نمائندگی دی جائے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ سندھ پرائس کنٹرول کمیٹی کا فوری اجلاس طلب کرکے اس معاملے کو جلد از جلد اٹھائیں گے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شرکت یقینی بنائی جائے تاکہ غریب شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایک مناسب لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جاسکے اور جنگی بنیادوں پر اس پر عمل درآمد کیا جا سکے۔