پاکستان میں فیصلہ سازی سمیت ہر شعبے میں خواتین کا کردار اور تعداد بڑھنا خوش آئند ہے۔نعیم خان بھابھہ

جمعہ 8 مارچ 2024 14:27

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2024ء) سابق وزیرزراعت پنجاب وممبر صوبائی اسمبلی نعیم خان بھابھہ نے کہا ہے کہ خواتین کا عالمی دن بین الاقوامی سطح پر خواتین کے معاشرے میں کلیدی کردار کو پہچاننے اور انسانی تہذیب کے ارتقا میں ان کی خدمات کے اعتراف کا دن ہے۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ انسانی معاشرے کی ترقی خواتین کے تعمیری کردار کے بغیر ممکن نہ تھی، فاطمہ جناح ہوں، محترمہ بینظیر بھٹو شہید ہوں ،کلثوم نوازہوں یا ملالہ یوسف زئی،خواتین کا پاکستان کی ترقی اور ارتقا میں مرکزی کردار کسی قیمت جھٹلایا نہیں جا سکتا۔

نعیم خان بھابھہ نےکہا کہ ہمارے دین اسلام نے خواتین کو آج سے 14 سو سال پہلے برابری کے حقوق دیئے،ماں کے قدموں تلے جنت اور بیٹی کو گھر کی رحمت قرار دیا،اسلام خواتین کے وقار کو ماند کیے بغیر انہیں زندگی کے ہر شعبے میں مثبت کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ انسانی معاشرہ خواتین کی ہر شعبے میں خدمات کی مثالوں سے بھرا پڑا ہے، اکیسویں صدی کی دنیا میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ انسانی تہذیب کی ترقی میں مصروفِ عمل ہیں، آج کسی بھی شعبے کو اٹھا کر دیکھ لیں آپ کو خواتین اپنی گھریلو ذمہ داریوں کی احسن طریقے سے انجام دہی کے ساتھ ساتھ ہر شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرتے نظر آئیں گی، پاکستان میں فیصلہ سازی سمیت ہر شعبے میں خواتین کا کردار اور تعداد بڑھنا خوش آئند ہے۔

سابق وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ حکومتِ پاکستان خواتین کو ان کے منصفانہ حقوق کی فراہمی کیلئے ہر وقت کوشاں ہے،پاکستان کی تقریباً نصف آبادی خواتین پر مبنی ہے۔ آج قوم کی با صلاحیت بیٹیاں، مائیں اور بہنیں باوقار طریقے سے ملک و قوم کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو مزید با اختیار، ان کے تحفظ اور منصفانہ حقوق کو یقینی بنانے کیلئے پورے معاشرے کو مل کر کام کرنا ہوگا، اس میں سول سوسائٹی، میڈیا اور حکومت سب کو تعاون سے نہ صرف خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کا عہد کرنا ہوگا بلکہ اس حوالے سے آگاہی میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔

نعیم خان بھابھہ نے کہا کہ ہماری حکومت خواتین کے منصفانہ حقوق، ان کے تحفظ اور ان کو یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھاتی رہے گی،خواتین ملک و قوم کا فخر ہیں اور پاکستان کی ترقی کیلئے خواتین کی صلاحیتوں اور خدمات کی مزید ضرورت ہے۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں آٹھ مارچ کو خواتین کا عالمی دن منایا جا تا ہے۔