محکمہ موسمیات خیبرپختونخوا کی آئندہ ہفتے بارشوں اور برفباری کی پیشن گوئی

جمعہ 8 مارچ 2024 19:22

محکمہ موسمیات خیبرپختونخوا  کی آئندہ ہفتے   بارشوں  اور  برفباری کی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2024ء) محکمہ موسمیات خیبرپختونخوا نے بارشوں،تیز ہواؤں اوربالائی اضلاع میں برفباری کا ایک اور سلسلہ 10 مارچ کی شام سےشروع ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔ اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کےلیےمراسلہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق متوقع بارشوں اوربرفباری کے پیش نظرضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے مراسلے میں برفباری اوربارشوں سے بالائی اضلاع میں لینڈسلائیڈنگ کاخدشہ ظاہرکیا ہے، تمام ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دیں گئی ہے، پی ڈی ایم اے نے طوفان کی صورت میں عوام کو بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائین بورڈز اوربل بورڈز سے دور رہے کی ہدایات کی ہیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اورسڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں جبکہ حساس علاقوں میں صوبائی اورقومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے،بارشوں اوربرفباری کا سلسلہ 14 مارچ تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔