عالمی یوم خواتین کے موقع پر جماعت اسلامی شعبہ خواتین کے زیر اہتمام مارچ کا انعقاد،خواتین،کمسن بچیوں اور بچوں کی بھی شرکت

جمعہ 8 مارچ 2024 22:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2024ء) عالمی یوم خواتین کے موقع پرجمعہ کو جماعت اسلامی شعبہ خواتین فیصل آباد کے زیر اہتمام خواتین یکجہتی مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ مارچ کا آغاز ضلعی سیکرٹریٹ جماعت اسلامی فیصل آباد المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار سے ہواجس کی قیادت ضلعی ناظمہ ڈاکٹر فہمیدہ الیاس کررہی تھیں جبکہ اس موقع پربشریٰ صادقہ،فریحہ کاشف، نصرالاسلام، خواتین ونگ کی دیگر ڈویژنل، ضلعی و شہری عہدیداران، ممبران، سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر کی خواتین،کمسن بچیوں اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

مارچ میں شریک باپردہ خواتین اور بچوں نے بینرز،پلے کارڈز، پوسٹرز اٹھارکھے تھے جن پر خواتین کے حقوق و فرائض سمیت غزہ کے مظلومین کی حمایت میں نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

مارچ کی شرکا سے خطاب میں ضلعی ناظمہ ڈاکٹر فہمیدہ نے کہا کہ الحمدللہ ہم مسلمان ہیں اور قرآن وسنت کے مطابق اپنی زندگیاں گزارنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم خواتین اور بچوں کے ساتھ فلسطین، غزہ اور کشمیر ظلم ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی شعبہ خواتین نے اس سال یوم خواتین کوفلسطین کی مظلوم خواتین پر ہونے والے مظالم کو اجاگرکرنے کے حوالہ سے منایاہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے خواتین رہنماؤں نے کہاکہ یوم خواتین کا مقصد عورتوں کے مسائل کو اجاگرکرنا ہے، اس وقت کشمیرسے لے کر فلسطین تک کی عورت سے زیادہ مظلوم کوئی نہیں جو جنگوں کی وجہ سے اپنے گھر باراوربچوں کو کھو چکی ہیں اوران کے خاندان ختم ہوچکے ہیں، امہ مسلمہ کے حکمران بے حسی کی تصویربنے ہوئے ہیں۔فلسطین میں 30ہزارسے زائد شہادتیں مسلمانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہیں،عورتیں،بچے،بوڑھے بھوک اورپیاس سے بلک رہے ہیں لیکن قابض یہودی افواج ان تک کھانے پینے کے اشیا بھی ان تک پہنچنے نہیں دے رہیں۔