حقوق و فرائض پر عملدرآمد کے حوالے سے عورتوں کی سوچ پختہ بنانے کی ضرورت ہے،طیبہ اعظم

جمعہ 8 مارچ 2024 19:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2024ء) ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر طیبہ اعظم خاں نےکہاہے کہ حقوق و فرائض پر عملدرآمد کے حوالے سے عورتوں کی سوچ پختہ بنانے کی ضرورت ہے لہٰذا اس سلسلہ میں تعلیم یافتہ خواتین اپنا کردار ادا کرتے ہوئے لاعلم عورتوں کو ترقی کی جانب چلنے کا ادراک دلائیں۔

(جاری ہے)

محکمہ بہبود آبادی،ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اورمقامی این جی او میری سٹوپس سوسائٹی کے اشتراک سے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر نے کہا کہ خواتین کی بہبود کیلئے موجود ادارے متحرک اور سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں کیونکہ خواتین کی بہبود ایک نصب العین ہے جسے ہر حال میں پورا ہونا چاہیے۔

اس موقع پرسی ای او ہیلتھ فیصل آباد ڈاکٹر اسفندیار،بہبود آبادی،ہیلتھ اتھارٹی اور این جی اوز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ سی ای او ہیلتھ نے ضلعی سطح پر خواتین کی فلاح و بہبود اور ترقی کے اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ حقوق سے آگاہی کیلئے خواتین کا پڑھا لکھا ہونا ضروری ہے۔ سیمینار سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر آگاہی واک بھی منعقد ہوئی جس میں شرکانے دن کی مناسبت سے آگاہی بینرز وپلے کارڈز اٹھارکھے تھے۔