باصلاحیت و بہادر خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، فرح نازاکبر

ہفتہ 9 مارچ 2024 17:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نومنتخب رکن قومی اسمبلی و صدرشعبہ خواتین مسلم لیگ(ن) اسلام آباد فرح ناز اکبر نے کہاہے کہ کوئی بھی معاشرہ خواتین کی عملی طورپر شرکت کے بغیر مکمل ہوسکتا ہے اور نہ ہی صحیح معنوں میں ترقی سے ہمکنار ہوسکتاہے،ہمیں اپنے مذہب کی تعلیمات اور ترقی یافتہ معاشرے کی طرز پر عورتوں کو ہر شعبے میں جائز مقام دینا ہوگا تاکہ وہ مردوں کے ساتھ مل کر ہمہ گیر اور دیرپاترقی و خوشحالی کو یقینی بناسکیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کی نصف آبادی خواتین پرمشتمل ہے اور باصلاحیت و بہادر خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں،ملک کو معاشی ترقی،استحکام اور اسے اقوام عالم میں باوقار مقام دلوانے میں خواتین کا کردار مردوں کے برابر رہا ہے جسے کبھی بھی فراموش نہیں کیاجاسکتا،خواتین کمیونٹی کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں اور اکثر کمیونٹی تنظیموں میں قائدانہ کردار ادا کرتی ہیں،اقوام متحدہ8مارچ کو یوم خواتین کے طورپر مناتی ہے ،خوش قسمتی سے ہماری نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب کااپنے پہلے دن سے ہی خواتین کے وقار کو برقراررکھنے کا واضح وژن ہے،مسلم لیگ(ن) نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے خصوصی توجہ دی ہے ،ہم آئین پاکستان اور اسلامی اقدار کی روشنی میں خواتین کو ہر سطح پر نمائندگی اور مواقع فراہم کرتے رہیں گے،خواتین کے عالمی دن کی صنفی مساوات اور خواتین کے حقوق کیلئے بہت اہمیت ہے،یہ دن سماجی اقتصادی،ثقافتی اور سیاسی کامیابیوں سمیت تمام شعبوں میں خواتین کے حقوق کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کاایک پلیٹ فارم فراہم کرتاہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے اسلام آباد میں یوم خواتین کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مسلم لیگی رہنما فرح ناز اکبر نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح نے فرمایاتھا کہ ’’دنیا کا کوئی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک قوم کے مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی ملکی ترقی میں شانہ بشانہ حصہ نہ ڈالیں‘‘، عورت خواہ ماں ہو ،بہن ہو،بیوی ہو بیٹی ہو خادمہ ہو یا معاشرے کی کوئی عورت ،اسلام نے انہیں ہر لحاظ سے بلند مقام عطا کیا گیا ہے اور ہمارا مذہب کسی بھی معاشرے میں خواتین کی عزت نفس کو یقینی بناتے ہوئے ویسی ہی حفاظت دیتا ہے جوکسی پسماندہ معاشرے میں ہوسکتی ہے، پسماندہ علاقوں میں موجودہ خواتین کی تعلیم ،صحت پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئیے اور پاکستان کی محنت کش خواتین ڈاکٹر،نرسز،ٹیچرز قائداعظم کے خواب کو پورا کرتے ہوئے پاکستان کی بہتری میں اپنامثبت کردار اداکریں۔