فرانس میں سکھوں کا بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 9 مارچ 2024 20:00

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2024ء) فرانس میں مقیم سکھوں نے بھارت میں سکھوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف پیرس میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے مودی حکومت کی طرف سے کسانوں اوراقلیتوں پرڈھائے جانے والے مظالم اور آزادی کے لئے سکھوں کی آواز کو دبانے کیلئے سکھوں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بھارت ان اقدام کو فوری طورپر بند کرے۔

(جاری ہے)

مظاہرے میں خواتین ،بچے اوربزرگ افراد شامل تھے۔مظاہرین نے مسلسل چار گھنٹے بھارتی سفارت خانہ کے باہرہ مظاہرہ کیااور دھرنا دیا۔مظاہرین نے کہاکہ سکھ انصاف ، اپنے حقوق کے حصول اوربھارتی مظالم کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں ۔ انہوں نے سالہاسال سے بھارتی جیلوں میں نظربند سکھ رہنمائوں اورکارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ سکھوں اور مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کے خلاف ظالمانہ کارروائیاں بند کرانے کے لئے بھارت پر دبائوڈالے۔