خواتین کے بھرپور کردار کے بغیر ملک اور معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، مشاہد حسین سید

عالمی یوم خواتین پر غزہ اور کشمیر کی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سینیٹر مشاہد حسین سید

ہفتہ 9 مارچ 2024 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2024ء) پاکستان سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ خواتین کے بھرپور کردار کے بغیر ملک اور معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، عالمی یوم خواتین پر غزہ اور کشمیر کی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، غزہ میں جاری جنگ کے نتیجے میں 30 ہزار اموات ہو چکی ہیں جس میں بڑی تعداد خواتین کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں سینیٹر مشاہد حسین سید، غیر ملکی سفارتکاروں نے بھی شرکت کی ۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ ملک کیلئے نمایاں خدمات سر انجام دینے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، خواتین کے بھرپور کردار کے بغیر ملک اور معاشرتی ترقی نہیں کر سکتا، خواتین نے تحریک آزادی پاکستان کو کامیاب بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح کا ذکر کئے بغیر آزادی کی تاریخ مکمل نہیں ہو سکتی۔

مشاہد حسین سید نے کہا کہ غزہ میں جاری جنگ کے نتیجے میں30 ہزار اموات ہو چکی ہیں جس میں بڑی تعداد خواتین کی ہے۔صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے کوشاں ہیں، پاکستان میں خواتین ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست سے لے کر بزنس اور دیگر شعبوں میں خواتین آگے آ رہی ہیں، اگر پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو ہمیں اپنی خواتین کو ایجوکیٹ اور ہنر مند بنانا ہو گا۔

چیمبر کے صدر نے کہا کہ ہمیں خواتین کو بزنس رول ماڈل بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں کینیا کی ہائی کمشنر میری نیامبیا نے کہا کہ عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، خواتین کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے شکر گزار ہیں۔میری نیامبیا نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں تعینات رہ چکی ہوں لیکن اسلام آباد میں تعیناتی سب سے بہترین رہی۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیا میں بھی ہر شعبے میں خواتین آگے آ رہی ہیں، ہمیں مل کر ترقی کے خواب کو پورا کرنا ہے۔ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ خواتین نے اپنی صلاحیتوں سے ثابت کیا ہے کہ وہ کسی طور بھی مردوں سے کم نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے، میری کامیابیوں میں سب سے بڑا ہاتھ میری اہلیہ کا ہے، شادی کے بعد میری کامیابی کا آغاز ہوا، بیٹی کی پیدائش کے بعد کاروبار نے ترقی کی۔