تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ پاکستان کا 15 مارچ کو یوم تحفظ ناموس رسالت ﷺ منانے کا اعلان

یوم تحفظ ناموس رسالت ﷺ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم کے خلاف عوامی آگاہی مہم کے سلسلے میں منایا جائے گا،علامہ قاری نوید مسعود ہاشمی

اتوار 10 مارچ 2024 17:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2024ء) تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ پاکستان نے سوشل میڈیا پرگستاخانہ مواد کی تشہیری مہم کے خلاف آگاہی مہم کے سلسلے میں 15مارچ بروز جمعہ کو ملک بھر میں یوم تحفظ ناموس رسالت ﷺ منانے کا اعلان کیا ہے،دوسری طرف وفاقی وزارت مذہبی امور نے بھی 15مارچ کو یوم تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے طور پر منانے کی ہدایت جاری کر دی۔

تفصیلات کے مطابق تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ پاکستان کے مرکزی صدر علامہ قاری نوید مسعود ہاشمی کی زید صدارت تحریک کا اہم مشاورتی اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔اجلاس میں تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری حافظ احتشام احمد سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاری نوید مسعود ہاشمی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم کا معاملہ سنگین صورت اختیار کر چکا ہے،بے لگام سوشل میڈیا کی وجہ سے ہماری نوجوان نسل کی ایک بڑی تعداد مقدس ہستیوں کی گستاخ بن چکی ہے،ایف آئی اے کی جانب سے اب تک ساڑھے تین سو سے زائد گستاخوں کی گرفتاری مذکورہ سنگین صورتحال کی نشاندہی کرتی ہے،مقدس ہستیوں کی توہین کا مرتکب شخص اپنے پورے خاندان کے لئے بربادی کا باعث بنتا ہے،ساڑھے تین سو سے زائد گستاخوں کی گرفتاری ساڑھے تین سو سے زائد خاندانوں کی بھی تباہی و بربادی ہے،لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ وطن عزیز پاکستان کی نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے بالخصوص انہیں دور حاضر کے جدید فتنے سوشل میڈیا پر جاری مقدس ہستیوں کی توہین پر مبنی گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم میں ملوث ہونے سے بچانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری حافظ احتشام احمد کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کی توہین پر مبنی بدترین گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم کی سنگین صورتحال سے عوام الناس کو آگاہ کرنے کے لئے 15 مارچ بروز جمعہ کو ملک بھر میں یوم تحفظ ناموس رسالت ﷺ منایا جائے گا۔علمائے کرام و خطبا حضرات سے اپیل ہے کہ وہ اس روز اپنے جمعہ کے خطابات میں عوام کو سوشل میڈیا پر جاری مذکورہ مذکورہ بدترین گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم کے سنگین نتائج سے آگاہ کرتے ہوئے والدین پر زور دیں کہ وہ اپنے بچوں کے انٹرنیٹ اور موبائل فون کے استعمال پر کڑی نظر رکھیں،انہیں باور کرایا جائے کہ اگر ان کی غفلت کی وجہ سے ان کی اولاد مذکورہ بدترین فتنے کا شکار ہو گئی تو پھر اس کا مقدر صرف اور صرف پھانسی کا پھندا ہے۔

ہم تمام ٹی وی چینلز کے اینکر پرسنز، مارننگ اور ٹاک شوز کے میزبانوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی اس روز ٹی وی چینلز پر اس متعلق خصوصی پروگرامز کا انعقاد کر کے مذکورہ عوامی آگاہی مہم میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔دوسری طرف وفاقی وزارت مذہبی امور نے بھی سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم کے خلاف عوامی آگاہی مہم کے سلسلے میں 15 مارچ بروز جمعہ کو یوم تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے طور پر منانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔وفاقی وزارت مذہبی امور کی جانب سے اس متعلق جاری کئے گئے مراسلہ کی کاپی وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلی مولانا قاری حنیف جالندھری،مفتی منیب الرحمن اور پروفیسر ساجد میر سمیت دیگر مذہبی شخصیات کو بھی ارسال کی گئی ہے۔