بین الاقوامی شہرت یافتہ خطاط ابنِ کلیم احسن نظامی کو ہم سے بچھڑے 7برس بیت گئے

پیر 11 مارچ 2024 14:45

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2024ء) بین الاقوامی شہرت یافتہ خطاط ، شاعر ادیب اور خطِ رعنا کے موجد ابنِ کلیم احسن نظامی کو ہم سے بچھڑے 7 برس بیت گئے۔ ابن کلیم 3 جنوری 1946کو ملتان کے علاقے قدیرآباد میں پیدا ہوئے۔ان کے والد حسن خان کلیم رقم اپنے عہد کے نامورخطاط تھے۔ ابن کلیم نے دینی علوم میں فارغ التحصیل ہونے کے بعد اپنے آبائی فن کے ساتھ ہی وابستگی اختیار کی۔

ابتدا میں وہ مروجہ خطوط میں ہی کام کرتے رہے۔

(جاری ہے)

1974ءمیں ابن کلیم نے خط رعنا کی بنیاد رکھی جس میں تمام مروجہ ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے دائرے اور الف میں نئے تجربات کیے گئے۔ ابن کلیم کے فن پاروں کی پاکستان سمیت مختلف ممالک میں متعدد نمائشیں ہوئیں۔ پاکستان کے کم وبیش تمام بڑے شہروں کے علاوہ بھارت، سعودی عرب، ایران، سویڈن، ڈنمارک، دمشق، اٹلی، امریکہ، برطانیہ اور استنبول میں ان کے فن پاروں کی نمائشیں منعقد ہوئیں۔ وہ 31 کتابوں کے مصنف بھی تھے جن میں سے 8 فن خطاطی سے متعلق ہیں۔ وہ 12مارچ2017ءکو ملتان میں انتقال کرگئے تھے۔