پشاور ہائیکورٹ کا نیشنل ڈیموکریٹک مومنٹ کے سربراہ محسن داوڑ کو گرفتار نہ کرنے کا حکم

پیر 11 مارچ 2024 18:01

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2024ء) پشاور ہائیکورٹ میں نیشنل ڈیموکریٹک مومنٹ کے سربراہ محسن داوڑ کی درج مقدمات کی تفصیل کے لیے دائر درخواست پر جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔اس دوران عدالت نے محسن داوڑ کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر متعلقہ حکام سے رکارڈ طلب کرلیا۔

پشاور ہائیکورٹ نے محسن کو 21 مارچ تک حفاظتی ضمانت دیدی۔

(جاری ہے)

وکیل درخواست گزار یوسف اورکزئی ایڈووکیٹ کا دوران سماعت کہنا تھا کہ محسن داوڑ اور ان کے ساتھیوں نے انتخابی نتائج کے خلاف احتجاج کیا تو اس دوران فائرنگ ہوئی۔ وکیل درخواست گزار سنگین خان ایڈووکیٹ کا دوران سماعت کہنا تھا کہ محسن داوڑ کے خلاف جتنے مقدمات درج ہیں ان کی تفصیل فراہم کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم پرامن احتجاج کررہے تھے فائرنگ ہم نے نہیں دوسری طرف سے ہوئی۔ بعد ازاں عدالت نے محسن داوڑ کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت 21 مارچ تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ پشاور ہائیکوٹ نے متعلقہ حکام سے آئندہ سماعت پر ریکارڈ طلب کرلیا۔