الیکشن کمیشن نے این اے 139 پاکپتن میں انتخابی نتائج کا معاملہ پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا

پیر 11 مارچ 2024 18:13

الیکشن کمیشن نے این اے 139 پاکپتن میں انتخابی نتائج کا معاملہ پر فریقین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2024ء) الیکشن کمیشن نے این اے 139 پاکپتن میں انتخابی نتائج کا معاملہ پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ پیر کو چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں دو رکنی کمیشن نے سماعت کی ۔ دور ان سماعت ہارنے والے آزاد امیدوار راؤ عمر ہاشم خان کے وکیل پیش ہوئے ۔وکیل آزاد امیدوار نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جو فارم 45 اپلوڈ کئے وہ ہمارے فارم سے مختلف ہیں، ہم نے یو ایس بی میں تمام ثبوت جمع کروا دئیے۔

آزاد امیدوار نے بتایاکہ ہم فارم 45 کے مطابق لیڈ کے ساتھ جیتے ہوئے ہیں، ہمارے اور تحریک لبیک پاکستان کے پاس موجود فارم 45 ایک جیسے ہیں۔ کمرہ عدالت میں تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

دور ان سماعت کامیاب ہونے والے ن لیگی احمد رضا خان مانیکا کے وکیل بھی پیش ہوئے اور کہاکہ جب فارم 47 ایشو ہورہے تھے آزاد امیدوار ادھر موجود تھے، یہ تمام اعتراض جو اب اٹھا رہے ہیں ان کو پہلے اٹھانے چاہئیں تھے۔

وکیل (ن)لیگی امیدوار نے کہاکہ میری استدعا ہے ہمارے خلاف دائر درخواست مسترد کی آجائے۔ وکیل نے کہاکہ اگر ہمارے مدمقابل کو نتائج پر اعتراض ہے تو وہ الیکشن ٹریبونل سے رجوع کریں۔ دلائل سننے کے بعد کمیشن نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔