وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی جانب سے ریسرچ ایرینا2024ء کے کامیاب انعقاد پر تعلیمی و انتظامی عہدیداران کو خصوصی ایوارڈ سے نواز ا گیا

پیر 11 مارچ 2024 22:58

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2024ء) وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے ریسرچ ایرینا2024ء کے کامیاب انعقاد پر تعلیمی و انتظامی عہدیداران کو خصوصی ایوارڈ سے نواز ا۔ اس ضمن میں پُروقار تقریب ملک فیروز خان نون بزنس سکول ہال میں منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس بطورِ مہمانِ خصوصی جبکہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین بطورِ مہمانِ اعزاز شریک ہوئے۔

تقریب میں ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال سمیت مختلف تعلیمی و انتظامی عہدیداران،ریسرچ ایرینا کی تقریبات میں رضاکارانہ خدمات سر انجام دینے والے طلباء وطالبات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کی جانب سے منعقد کیا جانے والا ریسرچ ایرینا2024اپنی نوعیت کی پہلی باوقار علمی و تحقیقی سرگرمی تھی جس میں ہر شعبہ کے کام کرنے کا جذبہ انتہائی فقید المثال رہا۔

(جاری ہے)

اس تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد ریسرچ ایرینا کو کامیابی سے ہمکنار کرانے والے محنتی فیکلٹی و سٹاف کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جنہوں نے تحقیق، جدت اور نئے علوم سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے ریسرچ ایرینا کو یادگار بنا دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بطور وائس چانسلر میری خواہش ہے کہ یونیورسٹی آف سرگودھا پاکستان کی 10 بہترین جامعات کی فہرست میں جلد شامل ہو جائے ،بطور وائس چانسلر مجھے یونیورسٹی کے تمام تعلیمی و انتظامی صدورِ شعبہ پر فخر ہے جن کی کاوشوں سے بہت جلد یونیورسٹی آف سرگودھا ملک کی صفِ اوّل کی یونیورسٹی کہلائے گی۔

ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام محققین، اختراع کاروں اور شراکت داروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہماری کوششوں کی کامیابی میں تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریسرچ ایرینا میں مجموعی طور پر 60سے زیادہ سرگرمیاں منعقد کی گئیں جن میں مختلف ملکی و غیر ملکی محققین، سکالرز اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسرچ کسی بھی تعلیمی ادارے کی ترقی کے لئے ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے ریسرچ ایرینا کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اسی طرز کی مزید تحقیقی سرگرمیاں منعقد کروانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔