ملک بھر کی مساجد میں روح پرور مناظر

نماز تراویح کی ادائیگی کیلئے لاکھوں نمازیوں کا سمندر مساجد میں امڈ آیا

muhammad ali محمد علی پیر 11 مارچ 2024 23:34

ملک بھر کی مساجد میں روح پرور مناظر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مارچ2024ء) ملک بھر کی مساجد میں روح پرور مناظر، نماز تراویح کی ادائیگی کیلئے لاکھوں نمازیوں کا سمندر مساجد میں امڈ آیا۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند پیر کو نظر آتے ہی ملک بھرمیں تراویح کے روح پرور مناظر دیکھے گئے، عوام نے بابرکت مہینے کی مناسبت سے ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کے ساتھ ہی پہلی نمازتراویح کی ادائیگی کے لیے مساجد کا رخ کیا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند کی رویت کے اعلان کے بعد پیر کی شب ملک بھر مساجد میں رمضان المبارک کی پہلی تراویح کی ادائیگی کے ساتھ ہی نمازتراویح کے اجتماعات کا آغاز کر دیا گیا۔ پہلی نمازتراویح کی ادائیگی کے لیے فرزندان اسلام نے پیرکوجوق درجوق مساجد کا رخ کیا اورنمازتراویح کے روح پروراجتماع اورخصوصی دعاوں میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چئیرمین رویت ہلال کمیٹی نے کل پاکستان میں پہلا روزہ ہونے کا اعلان کر دیا۔ رویت ہلال کمیٹی کا رمضان المبارک کے چاند کی رویت کیلیے اجلاس پشاور میں ہوا۔ رمضان المبارک 1445 ہجری کے چاند کی رویت کیلئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کی زیر صدارت مرکزی اجلاس 11 مارچ بروز پیر بمطابق 29 شعبان بعد نماز عصر پشاور میں ہوا۔ اس کے علاوہ دیگر زونل و ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت منعقد کیے گئے۔

ملک میں سب سے پہلے لاہور میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، جس کے بعد دیگر شہروں سے بھی چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ چاند کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی جانب سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک میں رمضان المبارک 1445 ہجری کا چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔ چئیرمین رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ ملک کے مختلف شہروں میں رمضان المبارک 1445 ہجری کا چاند نظر آ گیا، لہذا کل 12 مارچ بروز منگل کو ملک بھر میں پہلا روزہ ہو گا۔

واضح رہے کہ آج بروز پیر 11 مارچ کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک میں رمضان المبارک 2024 کا پہلا روزہ تھا، ان ممالک میں گزشتہ روز ماہ مبارک کا چاند نظر آ گیا تھا۔ جبکہ دنیا کے بیشتر ممالک میں آج 11 مارچ بروز پیر کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے مسلمان مارچ میں رمضان المبارک کا استقبال کریں گے، یوں رواں سال رمضان المبارک 26 سال کے بعد سردیوں میں آرہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ 2024 سے رمضان المبارک سردیوں میں آتا رہے گا تاہم ابتدائی دو سال تک رمضان کا آخری حصہ موسم بہار میں ہوگا۔ ’اس کے بعد 2031 تک رمضان المبارک موسم سرما میں ہوگا اورپھر 8 سال تک یعنی 2039 تک موسم خزاں میں آئے گا۔ جبکہ واضح رہے کہ ماہرین فلکیات کے مطابق اگرچہ رمضان المبارک کا چاند 10 مارچ کو پیدا ہو گا لیکن اس روز یہ نظر نہیں آئے گا ، چاند کو 11 مارچ کو واضح طور پر دیکھا جاسکے گا۔ پاکستان میں پہلی تراویح 11 مارچ کی رات کو ہو گی کیونکہ 95 فیصد امکان ہے کہ پہلا روزہ 12 مارچ بروز منگل کو ہو گا۔