کراچی ،مرکزی مسلم لیگ کاوسیع پیمانے پر سحروافطار دستر خوان کا انتظام

منگل 12 مارچ 2024 23:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2024ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی شہر بھر میں وسیع پیمانے پر فری سحروافطار دسترخوان کا اہتمام کررہی ہے۔جہاں شہریوں کوباعزت طریقے سے روزہ افطار اور سفید پوش گھرانوں تک تیار شدہ سحری پہنچانے کا اہتمام کیاجارہاہے۔سحروافطار دستر خوان کے قیام کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے صدراحمدندیم اعوان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مہنگائی سے ستائی عوام کیلیے فری سحر و افطاری کا اہتمام کررہے ہیں۔

پہلے مرحلے میں رمضان سے قبل رمضان سہولت بازار قائم کیے۔تاکہ سفید پوش افراد کو سہولت مل سکے۔اور وہ سستے داموں سحروافطار کیلیے خریداری کرسکیں ۔لیکن اس کمر توڑ مہنگائی میں ہزاروں گھرانوں کے چولہے سحروافطار میں بھی ٹھنڈے پڑ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوام کے مسائل سے بخوبی واقف اور مسائل کو اپنی مدد آپ کے تحت حل کرنے میں مصروف ہے۔

پاکستان مرکزی مسلم لیگ شہر بھر ہزاروں سحروافطار دستر خوان کا اہتمام کررہی ہے۔جہاں پر تنگدست اور لاچار افرادسحرو افطار کرنے آتے ہیں۔گھروں پر موجود خواتین کیلیے بھی سحری گھروں میں پہنچارہے ہیں ۔احمدندیم اعوان نے کہا کہ کراچی اہل خیر کا شہرہے۔جہاں ہم اپنی سحروافطار میں دستر خوان سجاتے ہیں ۔وہاں ہمیں اپنے ہم وطنوں کا خیال رکھنا ہوگا۔

اس مقدس ماہ میں مستحقین کے لئے سحری وافطاری کے انتظامات کرکے اللہ کی رضا اورڈھیروں اجر کمایا جاسکتا ہے۔لہذا ماہ صیام کے بابرکت لمحات سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔احمدندیم اعوان نے مخیر حضرات سے اس کار خیر میں سہولت کار بننے کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ مخیر حضرات آگے بڑھیں اور اپنے ہم وطنوں کا سہارا بننے کیلیے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا ساتھ دیں۔