Live Updates

ضلعی انتظامیہ کاناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈائون، جرمانے عائد

منگل 12 مارچ 2024 23:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پرناجائز منافع خوروں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا سخت کریک ڈائون جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود ہیں اور منڈیوں کے دورے کر رہے ہیں۔اس حوالے سے ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے بتایا کہ چوبیس گھنٹوں میں 2512 مقامات کی چیکنگ کی گئی جبکہ 336 خلاف ورزیوں پر 109 مقدمات درج کروائے گئے ۔

مزید برآں خلاف ورزیوں پر 5 لاکھ 41 ہزار 500 کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 79 منافع خور جیل میں ڈالے گئے ۔علاوہ ازیں ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پراسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود ہیں۔ اسٹنٹ کمشنر شالیمارڈاکٹر انعم فاطمہ نے سنگھ پورہ منڈی، ماڈل بازار ہربنس پورہ کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر شالیمار نے بولی کے عمل، ریٹ لسٹ کو واضح جگہ آویزاں کرنے اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔

اے سی شالیمار انعم فاطمہ نے سنگھ پورہ منڈی میں پارکنگ انتظامات بہتر کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ اے سی شالیمار انعم فاطمہ نے انچارج ماڈل بازارہربنس پورہ کوفروٹ سٹالز پر انتظامات بہتر کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا ۔ مزید برآں اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ ڈاکٹر زینب نے رائے ونڈ منڈی اور ماڈل بازار کا دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ نے ایگری کلچر فئیر پرائس شاپ،سٹاک رجسٹر، خریداروں کے بیٹھنے کے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ کی جانب سے منڈی میں نامناسب صفائی پر انتظامیہ کی سرزنش بھی کی گئی۔

ڈی سی لاہور کی ہدایت پر تمام انتظامی افسران فیلڈ میں سرپرائز دورے کر رہے ہیں،رواں ماہ کے پہلے گیارہ دنوں میں 2ہزار 512 مقامات کی چیکنگ،1823 خلاف ورزیاں پکڑی گئیں۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے مزید کہا کہ رواں ماہ اب تک 772 مقدمات درج کروا کے561 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں، کل کے مقابلے میں آلو، پیاز، ٹماٹر اور چائنہ ادرک کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔

ڈی سی لاہور نے بتایا کہ گزشتہ ماہ کی نسبت نیا چاول، دال چنا، دال مسور، بیسن کی قیمتوں میں استحکام ہے،گزشتہ ماہ کی نسبت سفید چنا، دودھ مٹن، بیف کی قیمتوں میں بھی استحکام ہے۔ رافعہ حیدر نے مزید کہا کہ زندہ مرغی اور گوشت کے نرخوں میں واضح کمی آئی ہے،رمضان المبارک میں اشیا کی طلب میں اضافے کے باوجود مارکیٹ میں دستیابی یقینی بنا رہے ہیں۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ناجائز منافع خوری پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات