فطرانہ کی رقم اس سال 300روپے فی کس ہے ،مفتی منیب الرحمان

اہل ثروت مالی حیثیت کے مطابق فطرہ ، فدیہ اور کفّارہ اداکریں،گندم کا آٹا 2کلو فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 300روپے ہوگا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 13 مارچ 2024 14:20

فطرانہ کی رقم اس سال 300روپے فی کس ہے ،مفتی منیب الرحمان
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 مارچ2024 ء) سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ فطرانہ کی رقم اس سال 300روپے فی کس ہے ،مفتی منیب الرحمان نے فطرہ ،فدیہ صوم اور کفارہ صوم کا اعلان کردیا، اہل ثروت مالی حیثیت کے مطابق فطرہ ، فدیہ اور کفّارہ اداکریں۔اپنے ایک بیان میں مفتی الرحمان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں صدقہ ، فطر اورفدیے کی کم ازکم مقدار300روپے فی کس مقرر کی گئی ہے ۔

گندم کا آٹا 2کلو فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 300روپے ہوگا۔جو کا آٹاچارکلو فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 600روپے ہوگا جبکہ کھجور چار کلو فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 2400روپے اسی طرح کشمش چارکلوفطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 4400روپے ہوگا۔مفتی منیب الرحمان نے مزید بتایا کہ روزہ توڑنے کا کفارہ 60مساکین کو 2وقت کا کھانا کھلانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ فطرہ، فدیہ اور کفارات کی کم از کم مقدار ہے ۔

صاحب حیثیت لوگ اپنی استطاعت کے مطابق اس سے زیادہ بھی ادا کرسکتے ہیں۔ہم نے تما م اجناس کا حوالہ اس لئے دیا ہے کہ جن کو اللہ تعالیٰ نے وافر نعمت عطاءکی ہوئی ہے اوردولت سے نوازا ہوا ہے وہ اپنی حیثیت کے مطابق فطرانہ ادا کریں ۔کیونکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ جوکوئی خوش دلی سے دے تو یہ اس کیلئے بہتر ہے۔مفتی منیب الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ صدقہ فطر جسے فطرانہ یا فطرہ بھی کہتے ہیں، اسے بدنی زکوٰة بھی قرار دیا گیا ہے جو صاحبِ استطاعت افراد کی جانب سے رمضان المبارک میں نماز عید الفطر سے قبل مستحق افراد کو دینا واجب ہے۔

فرض روزہ کسی بھی وجہ سے توڑ دینے پر کفارہ صوم یعنی روزے کا کفارہ ادا کرنا لازم ہے۔لوگ رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ اللہ کی راہ میں خرچ کریں کیونکہ یہ مہینہ بڑا ثواب اور برکتوں والا ہے ۔رمضان المبارک میں غریبوں اور مساکین پر خرچ کر کے اللہ کی خوشنودگی حاصل کی جا سکتی ہے۔