نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان،5ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں

بدھ 13 مارچ 2024 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2024ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم14 اپریل سے پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔سیریز کے تین میچز 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد لاہور 25 اور27 اپریل کو سیریز کے بقیہ دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی میزبانی کرے گا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تمام پانچ میچز شام سات بجے شروع ہونگے۔نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کا یہ دورہ17 ماہ کے عرصے میں تیسرا دورہ پاکستان ہوگا۔اس سے قبل اس نے دسمبر2022/ جنوری 2023 میں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

اسی سال کے آخر میں وہ10وائٹ بال میچوں میں حصہ لینے کے لئے پاکستان آئی تھی،یہ میچز لاہور،راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گئے تھے۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے درمیان غیر متزلزل دوستی کے ثبوت ہیں، ہمیں نیوزی لینڈ کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔یہ دورہ ان گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے جو ہمارے دونوں کرکٹ ممالک کے درمیان موجود ہے۔ہمارے شائقین اور پاکستانی عوام نیوزی لینڈ کی ٹیم کا ایک بار پھر خیر مقدم کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ ایک اور مسابقتی سیریز ہو گی جو اس سال کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا ایک اہم حصہ ہے۔

شیڈول کے مطابق 14 اپریل کو نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان آئیگی،16 اور 17 اپریل پریکٹس ہوگی۔ 18، 20 اور21 اپریل کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل راولپنڈی اسٹیڈیم میں ہونگے۔25 اور27 اپریل کو دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل لاہور میں ہونگے۔