ڈی جی سپورٹس تعلیمی اسناد اور بیان حلفی جمع کرائیں ،اسلام آباد ہائی کورٹ

بدھ 13 مارچ 2024 22:18

ڈی جی سپورٹس تعلیمی اسناد اور بیان حلفی جمع کرائیں ،اسلام آباد ہائی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2024ء) ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کی تعیناتی کے خلاف کیس میں اضافی دستاویزات جمع کرانے کی متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے یونیورسٹی آف سندھ کے رجسٹرار سے شعیب کھوسو کی ایم بی اے ڈگری کا ریکارڈ مانگ لیا ،پٹیشنر کی جانب سے جمع کرائی گئی ڈگری تصدیق کے لیے رجسٹرار یونیوسٹی آف سندھ کو بھجوا دی گئی ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کو بھی تمام تعلیمی اسناد اور ڈگریاں جمع کرانے کا حکم دیاہے اور کہاہے کہ ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ تعلیم اسناد اور ڈگریوں کے ساتھ ان کے اصلی ہونے کا بیان حلفی بھی جمع کرائیں، یہ حکم بدھ کے روزاسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے پٹیشنر امجد فاروق کی متفرق درخواست پر سماعت پر جاری کیاہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزاران کی جانب سے نوید ملک ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ،عدالت کوبتایاگیاکہ یونیورسٹی آف سندھ سے شعیب کھوسو کو مبینہ طور پر جاری ایم بی اے کی جعلی ڈگری کو ریکارڈ پر رکھنا چاہتے ہیں، شعیب کھوسو کی ڈگری پر جو رول نمبر لکھا گیا اس رول نمبر کی ڈگری گیتا شنکر کے نام جاری ہوئی،جسٹس بابر ستارنے پوچھاکہ یہ کاغذ آپ کو کہاں سے ملی نویدملک نے بتایاکہ ہم نے تصدیق کے لیے اپلائی کیا تھا، بڑی مشکل سے ڈاکومنٹس ملے، ہم یونیورسٹی سے ریکارڈ مانگ لیتے ہیں، آئندہ اس کو مرکزی کیس کے ساتھ 30 اپریل کو سنیں گے، بعدازاں عدالت نے درج بالاحکم جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔