رمضان نگہبان پیکج کے تحت گھر گھر راشن کی ترسیل کا عمل 20مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا ،ڈپٹی کمشنرگجرات

بدھ 13 مارچ 2024 22:50

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2024ء) ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے چک مہمدہ، مدینہ سیداں روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، اسسٹنٹ کمشنر گجرات حیدر عباس ان کے ہمراہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

صفدر حسین ورک نے رمضان نگہبان پیکج کے تحت گھر گھر راشن کی ترسیل کے عمل کا جائزہ لیا،انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکی ہدایات پر نگہبان رمضان پیکج کے تحت ضلع بھر میں راشن کی گھر گھر ترسیل جاری ہے، 20 مارچ تک تصدیق شدہ مستحق افراد کے گھر راشن ڈیلیوری کا عمل مکمل کرلیا جائے گا، راشن عزت و احترام کے ساتھ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں مستحق افراد کی دہلیز پر پہنچا رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کی تصدیق کا عمل جاری ہے، حکومت پنجاب کی طرف سے فراہم کردہ 97021 خاندانوں کو راشن فراہم کیا جائے گا، اشیاء کی خریداری اور پیکنگ میں معیار اور مقدار کا خاص خیال رکھا جارہا ہے، غیر معیاری اشیاء کی فراہمی پر سخت کارروائی عمل میں لایی جائے گی، معیار پر کوئی سمجھوتا نہ ہوگا، راشن میں 10 کلو آٹا، دو کلو چینی، دو کلو بیسن، دو کلو گھی، دوکلو چاول شامل ہیں، تمام اشیاء کی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے ٹیسٹنگ کروائی جارہی ہے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نگہبان راشن پروگرام کے تحت مستحقین کا حق ان کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے بہترین اقدامات کئےگئے ہیں، اسسٹنٹ کمشنرز تمام تر معاملات کی نگرانی کریں، کسی قسم کی کوتاہی، معیار اور مقدار میں کمی برداشت نہیں کی جائے گی۔