تمام جاری منصوبوں کی رفتار کو تیز کیا جائے،صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ

بدھ 13 مارچ 2024 21:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2024ء) صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عوام کو مستفید کرنے کے لیے ادارے کے تمام جاری منصوبوں کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ اس کے ثمرات جلد از جلد عوام کو تک پہنچ سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ توانائی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں میں معیار اور میرٹ کا خاص خیال رکھا جائے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی کو ادارے کے مختلف ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ تھرکول بلاک ون اور بلاک ٹو سے 15.3 ملین ٹن سالانہ کوئلہ نکالا جا رہا ہے جس سے 3300 میگا واٹ بجلی قومی گرڈ کو مہیا کی جا رہی ہے اور بڑے پیمانے پر زر مبادلہ کی بچت کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

تھرکے کوئلے کو مزید صنعتی استعمال میں لانے کے لیے اسلام کوٹ سے چھور تک 105 کلومیٹر ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 1845 میگا واٹ بجلی ونڈ پاور پروجیکٹ سے پیدا کی جا رہی ہے جبکہ 150 میگا واٹ کے 36 پاور پلانٹس مکمل ہو چکے ہیں۔عالمی بینک کے تعاون سے 400 میگا واٹ کے تین سولر پاور پروجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے جن سے پیدا ہونے والی بجلی کے الیکٹرک گرڈ سسٹم میں شامل کی جائے گی۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سرکاری عمارتوں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ اب تک 33 ہسپتالوں میں 21 میگا واٹ بجلی سولر سسٹم کے تحت مہیا کی جا رہی ہے جبکہ 24 سرکاری عمارتوں کو 11 میگا واٹ سولر سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ کو مزید بتایا گیا کہ سولر سسٹم کے معیار کو جانچنے کے لیے این ای ڈی اور مہران یونیورسٹیز میں جدید لیبارٹریز کا قائم کی جائیں گی۔ وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے منشور کے مطابق عوام کو تین سو یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کے منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے منصوبہ بندی کی رفتار کو تیز کیا جائے۔اجلاس میں سیکرٹری توانائی مصدق احمد خان نے بتایا کہ اس وقت محکمہ توانائی کے 20 ذیلی ادارے کام کر رہے ہیں جبکہ چار اہم منصوبے تھر کول ،متبادل توانائی، تیل اور گیس اور الیکٹرک پاور کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔