مہنگائی اور بجلی و گیس کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے ، لالا یوسف خلجی

جمعرات 14 مارچ 2024 23:01

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2024ء) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہاہے کہ مہنگائی اور بجلی و گیس کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے اگر حکمرانوں میں نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات نہ اٹھائے تو شیشے کے محلوں میں بیٹھے ہوئے حکمران عوام کے غیض و غضب سے بچ نہیں سکیں گے ۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہاکہ ماہ رمضان المبارک کی آمدکے ساتھ ہی منصوعی مہنگائی اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کردیاہے اور حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی ہے عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کھانامشکل ہوگیا۔انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں مقدس ماہ کے دوران اشیاء خوردونوش کی قیمتیںکم کردی جاتی ہیں جبکہ پاکستان دنیاکاواحدملک ہے جہاں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کردیا جاتا ہے تاجروں کوچاہئے کہ وہ خدا سے ڈریں اور فوری طورپر مصنوعی مہنگائی کو ختم کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر میں ایک گیس اور بجلی نہ ہونے کے برابر ہے تو دوسری طرف لوگوں کو ہزاروں روپے کے بل بھجوائے جارہے ہیں جسے جمع کرانے کی عوام استطاعات نہیں رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کی بجائے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں بصورت دیگر اگرعوام سڑکوں پر نکل آئے تو سیشے کے محلوں میں بیٹھے ہوئے حکمران اور سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی محفوظ نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ رمضان المبارک کے فوری بعد گیس اور بجلی کے بلوں میں اضافے، صحت ،تعلیم کی سہولیات کی عدم فراہمی اورسڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کے خلاف بھر پور احتجاج کریگا۔