آشیانہ ہاﺅسنگ ریفرنس کی سماعت کرنے والے جج سمیت چار ججز کے تبادلوں کے احکامات جاری

چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان کی منظوری کے بعد تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 15 مارچ 2024 17:15

آشیانہ ہاﺅسنگ ریفرنس کی سماعت کرنے والے جج سمیت چار ججز کے تبادلوں ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 مارچ2024 ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کیخلاف آشیانہ ہاﺅسنگ کیس ریفرنس ودیگرکیسز کی سماعت کرنے والے جج سمیت چار ججز کے تبادلوں کے احکامات جاری کر دئیے، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی منظوری کے بعد تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیاہے۔نو ٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ احتساب عدالت کے جج ملک علی ذوالقرنین اعوان کا لیہ تبادلہ کردیا گیاجبکہ سیشن جج محمد سرفراز اختر کو سرگودھا سے جھنگ تعینات کردیا گیا، جبکہ سیشن جج محمد سجاد علی کی ڈائریکٹر جنرل ڈسٹرکٹ جوڈیشری تقرری ہوگئی ہے اسی طرح بینکنگ کورٹ لاہور کے جج جاوید اقبال وڑائچ کو لاہور سے ٹوبہ ٹیک سنگھ تعینات کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ ایڈیشنل سیشن جج محمد اسلم پنجوتہ کو ایڈیشنل رجسٹرار پروٹوکول افسر تعینات کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملک علی ذوالقرنین اعوان رمضان شوگر مل،آشیانہ، عثمان بزدار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے سمیت دیگر ریفرنسز پر سماعت کی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج عبہر گل کی جگہ سیشن جج محمد نوید اقبال کو لاہور کی انسداد دہشتگری کی عدالت کا جج تعینات کردیا گیا تھا۔ عدالت کی ایڈمن جج کا بھی تبادلہ ہواتھا۔ تبادلوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیاگیاتھا۔

عبہر گل کو بنکنگ کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھاجبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اعجازاحمد بٹر کو سرگودھا میں اے ٹی سی، اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد صفدر علی بھٹی کو اینٹی کرپشن لاہور کی خصوصی عدالت میں تعینات کردیا گیا۔ جب کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ارشد محمود کو پنجاب لیبر کورٹ ساہیوال تعینات کردیا گیاتھا۔ جج عبہر گل نے لاہور میں کار کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے خاندان کے مقدمات، 9 مئی کے واقعات بشمول جناح ہاوٴس پر حملہ، مسلم لیگ (ن) کر رہنماوٴں کی جانب سے اشتعال انگیز گفتگو کرنے کے مقدمے سمیت کئی اہم کیسز کی سماعت کی تھی۔