ایف آئی اے کی کارروائی، جعلی پاسپورٹ پر سعودی عرب جانیوالے 3 مسافر گرفتار

ملزمان کے پاسپورٹ پر تھائی لینڈ کے جعلی ویزے لگے ہوئے تھے،ایف آئی اے امیگریشن سٹاف نے پکڑے جانے والے تینوں مسافروں کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر دیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 16 مارچ 2024 12:42

ایف آئی اے کی کارروائی، جعلی پاسپورٹ پر سعودی عرب جانیوالے 3 مسافر گرفتار
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 مارچ2024 ء) ایف آئی اے نے کراچی ائیرپورٹ پر ایک کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک جانے والے جعلی پاسپورٹس اور وزٹ ویزے پر جانیوالے 3 مسافر وں کوگرفتارکر لیا،تینوں مسافروں سعودی عرب جا رہے تھے۔ایف آئی اے امیگریشن سٹاف نے پکڑے جانے والے تینوں مسافروں کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر دیا۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے پاسپورٹ پر تھائی لینڈ کے جعلی ویزے لگے ہوئے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان میں علی رضا، محمد سلیم اور محسن بشیر شامل ہیں ملزمان فلائٹ نمبر FZ334 کے ذریعے وزٹ ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے۔ایف آئی اے نے ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کیلئے اینٹی ہیومن ٹریفک سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھی ایف آئی اے حکام نے ایک کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والے 3 مسافروں کو گرفتارکر لیا تھا۔

(جاری ہے)

ایک ملز کے ایمرجنسی پاسپورٹس جعلی نکلے اوردوسرے ملزم کے پاسپورٹ پر جعلی تجدید اسٹمپ لگی ہوئی تھی۔ترجمان فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائیوں کے دوران بیرون ملک سے آنے والے 3مسافروں کو گرفتار کیا تھا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان ایمرجنسی اور نان سٹینڈرڈ پاسپورٹس پر سعودی عرب سے پاکستان پہنچے تھے۔

ملزمان میں محمد صدیق، ابوبکر اور عبدالرحمان شامل ہیں۔حکام کے مطابق ملزم محمد صدیق اور ابوبکر کی جانب سے پیش کئے جانے والے ایمرجنسی پاسپورٹس جعلی نکلے جبکہ ملزم عبدالرحمان کی پاسپورٹ پر جعلی تجدید اسٹمپ لگی ہوئی تھی۔ملزمان فلائٹ نمبر SV700 سے پاکستان پہنچے تھے۔ملزمان کو شہریت کے حوالے جانچ پڑتال اور مزید قانونی کاروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا تھا۔