نیب لاہور نے جعلی چیئرمین نیب ساتھی سمیت گرفتار کر لیا

پیر 18 مارچ 2024 00:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) نیب لاہور کے انٹیلی جنس ونگ نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی چیئرمین نیب ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔ ملزمان اویس ظہور اور عامر ظہور پر الزام ہے کہ وہ سادہ لوح شہریوں کو نیب کے سینئر افسر بن کر بلیک میل کرتے اور بھاری رقوم وصول کرتے۔

(جاری ہے)

ترجمان نیب نے اتوار کے روز بتایا کہ ملزمان اویس ظہور اور عامر ظہور کے خلاف نیب کے جعلی سینئر آفیسر بن کر شہریوں کو ڈرا دھمکا کر اور غیر ضروری دبا ڈال کر غیر قانونی طور پر رقوم وصول کرنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں جن پر نیب کے اعلی حکام کی جانب سے فوری کارروائی کے احکامات صادر کئے گئے، نیب لاہور انٹیلی جنس ونگ نے ان احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، جنہیں مزید تحقیقات کیلئے تھانہ چونگ کے حوالے کر دیا گیا، نیب لاہور اس سے قبل بھی متعدد جعلی نیب افسران کی گرفتاری عمل میں لا چکا ہے، نیب لاہور نے اس ضمن میں شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ نیب سے متعلقہ کسی بھی مشکوک صورتحال یا شکایت کی صورت میں نیب انٹیلی جنس ونگ یا ترجمان نیب سے فوری رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :