امریکا، سرکاری وکلا کا سام بینک مین فرائڈ کو 50 سال قید ، 11 بلین ڈالر جرمانے اور اثاثے ضبط کرنے کی سزا کا مطالبہ

پیر 18 مارچ 2024 12:52

امریکا، سرکاری وکلا  کا سام بینک مین فرائڈ کو  50 سال  قید ، 11 بلین  ڈالر ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) امریکا میں سرکاری وکلا نے ڈیجیٹل کرنسی ایکسچینج ایف ٹی ایکس کے بانی سام بینک مین فرائڈ کو10 ارب ڈالر فراڈ کے الزام پر 50 سال قید ، 11 بلین ڈالر جرمانے اور اثاثے ضبط کرنے کی سزا سنانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ امریکی نیوز ویب سائٹ ذی کرپٹو کی رپورٹ کے مطابق عدالت کی طرف سے اس کیس کا فیصلہ رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کی طرف سے بھی سام بینک مین فرائڈ کواپنے ساتھیو ں کے ساتھ مل کر المیڈا ریسرچ ٹریڈنگ فرم کے ذریعےصارفین کو ان کے اربوں ڈالر محروم کرنے پر سے 50 سے 40 سال کے قید کی سزا سنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔سرکاری وکلا کے مطابق سام بینک مین فرائڈنے مبینہ طور پر سرمایہ کاروں سے جھوٹ بولا ، جعلی دستاویزات شیئر کیں، اور سیاستدانوں کو لاکھوں ڈالر کے غیر قانونی عطیات دیئے۔

(جاری ہے)

وکلاء استغاثہ کی طرف سے عدالت سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے وہ ملزم کو ایسی سزا سنائے جو ہزاروں متاثرین کو پہنچنے والے نقصان کی غیر معمولی اور سنگین نوعیت کے مطابق ہو اور وہ آئندہ کسی کے ساتھ دھوکہ دہی کا ارتکاب نہ کرسکے۔واضح رہے کہ 2022 کے دوان ایف ٹی ایکس کا سکینڈل سامنے آنے کے بعد معروف ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قیمت میں تیزی سے کمی آئی تھی اور یہ 21ہزار ڈالر کی سطح پر آگئی تھی تاہم اب اس کی قیمت ایک بار پھر 68,365 ڈالر تک پہنچ چکی ہے ۔