پاکستانی نے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی لگژری گاڑی جیت لی

محمد عمر فاروق اس وقت سعودی عرب میں مقیم ہیں اپنے کام کے سلسلے میں اکثر متحدہ عرب امارات کا سفر کرتے ہیں

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 مارچ 2024 15:35

پاکستانی نے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی لگژری گاڑی جیت لی
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مارچ 2024ء ) متحدہ عرب امارات میں ایک پاکستانی شہری نے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی لگژری کار جیت لی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق 6 بچوں کے باپ محمد عمر فاروق جو اس وقت سعودی عرب میں مقیم ہیں اپنے کام کے سلسلے میں اکثر متحدہ عرب امارات کا سفر کرتے ہیں، انہوں نے 3 مارچ کو بگ ٹکٹ کی لائیو قرعہ اندازی کے دوران بالکل نئی لگژری SUV گاڑی جیت لی۔

بتایا گیا ہے کہ اپنی بیوی اور 6 بچوں کے ساتھ سعودی عرب میں مقیم محمد عمر فاروق 'Dream Car' قرعہ اندازی کے دوران Maserati Grecale GT جیتنے میں کامیاب رہے، اپنے بیٹے کی تجارتی کمپنی کے مارکیٹنگ کے شعبے میں کام کرتے ہوئے کام کی وجہ سے انہیں اکثر متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے درمیان سفر کرنا پڑتا ہے، انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفر کے دوران ہوائی اڈے پر مختلف اشتہارات دیکھنے کے بعد ڈریم کار ریفل میں اپنی قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی شہری کا کہنا ہے کہ میں پچھلے 2 سے 3 سالوں سے خود ہی ٹکٹ خرید رہا ہوں، بگ ٹکٹ آزمانے کا میرا محرک صرف اپنی قسمت آزمانا تھا، میں یہ کار بیچوں گا اور بگ ٹکٹ ڈرا میں حصہ لینا جاری رکھوں گا، میرا سب کو مشورہ ہے کہ بگ ٹکٹ کے ساتھ اپنی قسمت آزماتے رہیں، آپ کو کوشش جاری رکھے بغیر ہار نہیں ماننی چاہیئے۔ معلوم ہوا ہے کہ مارچ کے پورے مہینے میں 'ڈریم کار' کا ٹکٹ خریدنے والے صارفین کو 3 اپریل کو 3 لاکھ 80 ہزار درہم مالیت کی ایک اور لگژری ایس یو وی جیتنے کا موقع ملے گا، اس قرعہ اندازی میں حصہ لینے کے لیے ایک ٹکٹ کی قیمت 150 درہم ہے اور جو بھی دو ٹکٹ خریدے گا اسے ایک فری میں ملے گا، مزید برآں وہ صارفین جو زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور العین ایئرپورٹ سے ٹکٹ خریدتے ہیں وہ دو کی قیمت میں 3 ٹکٹ حاصل کرنے کی خصوصی پیشکش کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔