منشیات فروشوں اور مجرمان اشتہاریوں کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کیا جائے

پیر 18 مارچ 2024 16:35

احمدپورشرقیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایات کی روشنی میں ڈی پی او سید محمد عباس نے ضلع بھر کے پولیس افسران کوسماج دشمن عناصر کی گرفتاریوں کے و دیگر معاملات کے متعلق احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں اور مجرمان اشتہاریوں کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کیا جائے، ان کی فہرستیں تیار کی جائیں اور تکنیکی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

آئی ٹی کی ٹیمیں تھانوں کی سطح پر افسران سے تعاون کر کے ملزمان کی نقل و حرکت کا تعین کریں اور ہر ممکن وسائل کو استعمال کرتے ہوئے منشیات فروشی کا خاتمہ کیا جائے۔دیگر مقدمات کے حوالے سے بھی ڈی پی او کی طرف سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مقدمات کے اندراج کا دورانیہ متعین کردیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو " نہ انتظار، نہ سفارش، نہ رشوت" کے نظریہ کے تحت خدمات فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

قتل، اقدام قتل ، بدکاری/ بد فعلی، اغوا برائے تاوان اور ضرر کے مقدمات میڈیکل لیگل سرٹیفکیٹ کے حصول کے بعد 8 گھنٹے کے دورانیہ میں مقدمات درج کیے جائیں گے۔ اسی طرح چھینا جھپٹی ، چوری، گاڑی کا چھیننا، گاڑی چوری ، ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات کے اندراج کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 24 گھنٹے ہے جبکہ مالیاتی دستاویزات و معاملات سے متعلق مقدمات کا اندراج زیادہ سے زیادہ 5دن کے اندر اندر ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی آفیسر نے جاری کردہ ہدایات و وضع کردہ پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی نہ بنایا تو اس متعلقہ آفیسر کو سخت محکمانہ احتساب سے گزرنا پڑے گا، روازنہ کی بنیاد پر پراگرس چیک کی جا رہی ہے اور شہریوں سے فیڈ بیک لیا جا رہا ہے، ڈی پی او نے مزید کہا کہ اگر کسی شہری کو اس معاملہ میں پولیس سے کوئی بھی شکایت ہو تو میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، شہریوں کی شکایت کا ہر ممکن ازالہ کیا جائے گا۔\378