ڈرائیونگ لائسنسوں کی فیس میں اضافے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

عدالت نے ہوم سیکرٹری ،آئی جی پنجاب اور سی ٹی او کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 مارچ 2024 16:37

ڈرائیونگ لائسنسوں کی فیس میں اضافے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مارچ 2024ء ) ایل ٹی وی ڈرائیونگ لائسنسوں کی فیس میں اضافے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا، جس پر لاہور ہائیکورٹ نے ہوم سیکرٹری ،آئی جی پنجاب اور سی ٹی او کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس شاہد کریم نے سید محمد افتاب شاہ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے مظہر امین چدھڑ ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایل ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس کی فیس ساڑھے 900 روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دی گئی ہے، ڈرائیونگ لائسنس فیس میں اضافہ ایل ٹی وی گاڑی ڈرائیورز کے لیے ناقابل برداشت ہے۔

دائر درخواست میںدرخواستگزار کا کہنا ہے کہ فیس میں اضافہ موٹر وہیکلز ارڈیننس 1965ء کی شق 22 سے متصادم ہے، پرنٹنگ اور متفرق چارجز کی مد میں بھی 480 روپے عائد کردئیے گئے ہیں، اس لیے استدعا کی جاتی ہے کہ عدالت ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دے کر پرانی قیمتوں پر ہی ڈرائیونگ لائسنس بنانے کا حکم جاری کرے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس فیسوں میں 1 ہزار فیصد اضافے کا اطلاق ہوچکا ہے، مختلف لائسنسز کی فیس 500 روپے سے 2 ہزار روپے سالانہ تک مقرر کر دی گئی ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا، صوبے میں اس سے قبل 5 سال کیلئے لائسنس فیس وصول کی جاتی تھی، تاہم اب سے ہر سال لائسنس کی فیس ادا کرنا ہو گی، لرننگ لائسنس کی فیس 60روپے سے بڑھا کر 500 روپے کر دی گئی ہے جب کہ پہلی دفعہ موٹرسائیکل لائسنس بنانے کی فیس 980 روپے کر دی گئی ہے اور اس کی سالانہ فیس 480روپے ہوگی رینول نہ کروانے کی صورت میں ایک سال کا جرمانہ 600 روپے ہوگا۔

اسی طرح کار لائسنس کی پہلی بار فیس 2480 روپے اور سالانہ فیس 1650روپے ہوگی، تجدید نہ کروانے کی صورت میں ایک سال کا جرمانہ 2062 روپے ہوگا، ایل ٹی وی لائسنس کی فیس 2480 روپے، سالانہ فیس 1850 روپے اور تجدید نہ کروانے کی صورت میں ایک سال کا 2312 روپے جرمانہ ہوگا، ایچ ٹی وی لائسنس کی مکمل فیس 2480، سالانہ فیس 1850 اور تجدید نہ کروانے کی صورت میں ایک سال کا جرمانہ 2312 روپے ہوگا۔

بتایا جارہا ہے کہ ٹریفک کمرشل کی مکمل فیس 1980، سالانہ فیس 1400روپے اور تجدید نہ کروانے پر ایک سال کا جرمانہ 1700 روپے ہوگا، ٹریکٹر ایگریکلچر کی مکمل فیس 1480، سالانہ فیس 950 روپے اور تجدید نہ کروانے پر ایک سال کا جرمانہ 1700 روپے ہوگا، کار، موٹرسائیکل کے انٹرنیشنل لائسنس کی فیس 5430 جب کہ ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی لائسنس کی فیس 6030 روپے کردی گئی ہے۔