معروف اداکار،شہنشاہ جذبات محمد علی کی برسی(کل) منائی جائے گی

پیر 18 مارچ 2024 21:57

مکوآنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2024ء) معروف اداکار،شہنشاہ جذبات محمد علی کی برسی(کل) 19 مارچ کو منائی جائے گی۔ فلمی دنیا کیلئے بے مثال اداکاری پر محمد علی کو شہنشاہِ جذبات کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔ پاکستان فلم انڈسٹری کے سنہرے دور کی جب بھی تاریخ لکھی جائے گی، تو شہنشاہِ جذبات محمد علی کا نام سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔

محمد علی ایک بہت بڑے فنکار اور عظیم انسان تھے۔ انہوں نے اداکاری میں انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ محمد علی نے 277 فلموں میں کام کیا جن میں 248 اردو، 17 پنجابی، 8 پشتو، 2 ڈبل ورژن انڈین، ایک بنگالی، 28فلموں میں بطورِ مہمان اداکار اور ایک ڈاکو منٹری فلم میں کام کیا۔مسلم سربراہی کانفرنس 1974 کے دوران مسقط،عمان کے سلطان قابوس نے انھیں غیر سرکاری سفیر کی حیثیت سے تعریفی شیلڈ پیش کی اور ایران کے شہنشاہ نے پہلوی ایوارڈ سے نوازا۔

(جاری ہے)

محمد علی جتنے اچھے اداکار تھے اس سے کہیں زیادہ اچھے انسان بھی تھے۔ انہوں نے علی زیب فاونڈیشن کے تحت سر گودھا، فیصل آباد، ساہیوال اور میانوالی میں تھیلی سیمیا میں مبتلا بچوں کے علاج اور کفالت کے لیے ہسپتال قائم کیے۔ جہاں پر بلا معاوضہ بچوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ اس ادارے کے تمام اخراجات محمد علی اپنے وسائل سے پورے کرتے تھے۔ علی زیب فاونڈیشن کے علاوہ وہ دیگر کئی اداروں کے صدر اور فاونڈر ممبر بھی رہے۔ اداکار محمد علی 19 مارچ 2006 کو اس جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے، محمد علی کی برسی کے موقع پر سرکاری، نجی اور فلمی حلقوں کے زیر اہتمام مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔