Live Updates

لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کا ایک ارب روپے کے تاریخی جرنلسٹس انڈوومنٹ فنڈ کے اعلان پر حکومت پنجاب کا خیرمقدم

پیر 18 مارچ 2024 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) لاہورپریس کلب کی گورننگ باڈی نے پنجاب حکومت کے رواں مالی سال کے دوران صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لئے ایک ارب روپے کے تاریخی جرنلسٹس انڈومنٹ فنڈ کے اعلان کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ جرنلسٹس انڈوومنٹ فنڈ کی رقم میں تاریخ ساز اضافہ صوبائی حکومت کی صحافی دوستی کامنہ بولتاثبوت ہے، وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے دیگر شعبوں کی طرح صحافت اور اس سے منسلک میڈیا پرسنزکوصرف وعدوں پر نہیں رکھابلکہ عملی طور پر اولین ترجیح دی ہے جو اس بات کاثبوت ہے کہ حکومت میڈیا، میڈیاورکرز اور عام صحافیوں کو درپیش مشکلات کا بخوبی ادراک رکھتی ہے ۔

انھوں نے کہاکہ ہوشربا مہنگائی کے اس دور میں یہ فنڈز بیروزگار صحافیوں اورمیڈیاورکرزکو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ فرائض کی انجام دہی میں شہید ہونے یا وفات پاجانے والے میڈیا ورکرز کے خاندانوں کی کفالت کے لئے بھی استعمال ہوں گے۔

(جاری ہے)

لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی نے اس موقع پر سپیکرپنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور وزیراطلاعات پنجاب عظمی زاہد بخاری کو بھی ایک ارب روپے کے خطیر فنڈ کے اجرامیں اپناکلیدی کردار ادا کرنے پر خصوصی طورپر خراج تحسین پیش کیا۔

ان کاکہناتھا کہ بلاشبہ سیاست ،حکومت اور صحافت کا چولی دامن کاساتھ ہے ، مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت نے مریم نوازشریف کی قیادت میں صحافی برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سرفہرست رکھاہے ۔ گورننگ باڈی نے پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے صدراخلاق باجوہ اور سیکرٹری خواجہ حسان احمد سمیت تمام فعال اراکین کابھی اس تاریخ سازاقدام کے لئے اپنی عملی معاونت فراہم کرنے پرشکریہ اداکیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات