زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں 30ہزار سے زائد طلبہ زیرتعلیم ،تحقیقی و ترقیاتی پورٹ فولیو 20ارب سے تجاوز کر گیا

منگل 19 مارچ 2024 11:52

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) یو ایس ایڈمشن کی ڈائریکٹر کیٹ سوم وونگ سیری نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کے ساتھ ملاقات کی اور زرعی یونیورسٹی میں قائم مرکز برائے اعلیٰ تعلیم (غذائی استحکام و زراعت)کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ مرکز برائے اعلیٰ تعلیم میں زرعی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے بہترین کاوشیں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ یو ایس ایڈ کی مالی معاونت سے ایک دہائی قبل مرکز برائے اعلیٰ تعلیم کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جو کہ ان کے لئے باعث افتخار ہے۔انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں موسمیاتی تبدیلیوں و دیگر مسائل کا سامنا کرنے کیلئے زراعت میں جدت کو فروغ دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈکی زرعی یونیورسٹی کے ساتھ شراکت کاری کے تحت زرعی ترقی کی نئی راہیں ہموار کی جا سکتی ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ مرکز برائے اعلیٰ تعلیم میں واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے گندم کی زیادہ پیداوار کی حامل اقسام ،جینوم ایڈیٹنگ ،سویا بین ،کپاس ،چنے،زرعی ڈرون ٹیکنالوجی و دیگر منصوبہ جات کے تحت شب وروز کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکز برائے اعلیٰ تعلیم میں ماضی کے مقابلے میں زیادہ فنڈنگ کے منصوبہ جات جاری ہیں۔

زرعی یونیورسٹی نے 2013-14ء میں یونیورسٹی کی ترقی کے اہداف کے حوالے سے وژن 2030ء مرتب کیا تھاجس کے اہداف حاصل کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت یونیورسٹی میں 30ہزار سے زائد طلبہ زیرتعلیم ہیں جبکہ اس کا تحقیقی و ترقیاتی پورٹ فولیو 20ارب سے تجاوز کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2050ء میں 60ہزار طلبہ کو بہترین تعلیمی و تمدنی سہولیات کے لئے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے تاکہ اس وقت کی ضروریات کو احسن انداز سے پورا کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت یونیورسٹی میں پچاس فیصد سے زائد طالبات زیرتعلیم ہیں جن کو بہترین سہولیات کی فراہم کی جا رہی ہیں جن میں جدید ویمن کمپلیکس، سپورٹس کمپلیکس، ڈے کیئر سنٹر، فیسیلیٹیشن سنٹر، ورکنگ ویمن ہاسٹل، کامن رومز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی حکومت کے لئے دس سالہ زرعی سٹریٹیجک پلان تیار کیا ہے جس سے زرعی ترقی اور خوشحالی کا نیا باب مرتب کیا جا سکے گا۔

انہوں نے فیکلٹی کی جشن بہاراں کی تقریبات کے حوالے سے کاوشوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پندرہ ماہ کے دوران زرعی یونیورسٹی میں پیٹنٹ کی تعداد نے نئی تاریخ رقم کی ہے اور اس سے انڈسٹری اور کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی دستیاب آنے سے زرعی خوشحالی ممکن بنائی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی حبیب بینک لمیٹڈ کے تعاون سے کاشتکاروں کے مسائل کے تدارک کے لئے زرعی ڈیرے کا قیام کر رہی ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر آفس آف ڈیموکریسی یو ایس ایڈشیلی پرساد ،یو ایس ایڈ لاہور ٹیم لیڈ عرشیہ بانو،ڈائریکٹر مرکز برائے اعلیٰ تعلیم زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر سلطان حبیب اللہ ،ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر جعفر جسکانی ،ڈائریکٹر تعلقات عامہ ڈاکٹر جلال عارف ،ڈاکٹر رضوانہ مقبول ،ڈاکٹر ثاقب و دیگر بھی موجود تھے۔