ٹیکنالوجی کی ترقی، چیلنجز سے نمٹنے اور وزارت کی فعالیت بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے ، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی وزارت کے مختلف ونگز کے سربراہان سے گفتگو

منگل 19 مارچ 2024 14:05

ٹیکنالوجی کی ترقی، چیلنجز سے نمٹنے اور وزارت کی فعالیت بڑھانے کے لیے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ملک میں ٹیکنالوجی کی ترقی، چیلنجز سے نمٹنے اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی فعالیت کو بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں ہونے والے اجلاس میں وزارت کے مختلف ونگز کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزارت کے کاموں کو بہتر بنانے اور موجودہ مسائل سے نمٹنے کے لیے تعاون ناگزیر ہے۔ اجلاس میں ”حلال تجارت“ کو فروغ دینے اور درآمدات کی نگرانی میں پاکستان حلال اتھارٹی کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کو بتایا گیا کہ کراچی میں کونسل فار ورکس اینڈ ہائوسنگ ریسرچ کی بہتر کارکردگی کے لیے اس کی تنظیم نو کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹیکنالوجی کمرشلائزیشن کارپوریشن آف پاکستان کو ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی (آئی آر اے ڈی اے) سے تبدیل کیا جائے گا تاکہ تکنیکی ترقی کے لیے تعاون کو بڑھایا جاسکے۔ اجلاس میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس کے الیکٹرانک گاڑیوں پرکام اور ہائی ڈیمانڈ چپ ڈیزائن کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیاجو پاکستان میں ٹیکنالوجی کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کرتی ہیں۔