کراچی: ڈاکوئوں نے روزہ داروں کو لوٹ لیا، مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ملزم زخمی حالت میںگرفتار

منگل 19 مارچ 2024 15:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) شہر قائد کراچی میں بے حس ڈاکوئوں نے روزہ افطار کرتے ہوئے شہریوں کو لوٹ لیا، مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں واقع ایل پی جی گیس کی دکان میں شہری روزہ افطار کرنے بیٹھے ہی تھے کہ اس دوران 3 مسلح ڈاکو دکان کے اندر داخل ہو گئے، ڈاکوئوں نے روزے داروں کو بھی نہ بخشا اور لوٹ مار شروع کر دی۔

(جاری ہے)

مسلح ڈاکو شہریوں سے 5 موبائل فون اور 30 ہزار روپے نقدی لے کر فرار ہو گئے، ڈکیتی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے 3 ڈاکو روزہ افطاری کے وقت شہریوں سے لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے ہیں۔دوسری جانب کراچی کے علاقے زمان ٹائون میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا، ملزم سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد ہوئے، گرفتار ملزم سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھا، پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی۔