یونیورسٹی آف سرگودھا میں موسم ِبہار کی شجر کاری کا آغاز کر دیا گیا

منگل 19 مارچ 2024 16:21

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں موسم ِبہار کی شجر کاری کا آغاز کر دیا گیا۔ شجر کاری کا باقاعدہ آغاز وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے ملٹی پرپزہال کے سامنے پودا لگا کر کیا۔ اس موقع پر پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین، مختلف تعلیمی وانتظامی شعبہ جات کے صدور، اساتذہ اور ملازمین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

پودا لگانے کے بعد وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ اور صحت مند ماحول کو یقینی بنانے کیلئے ہمیں شجر کاری کے رجحان کو نوجوان نسل میں فروغ دینا ہو گا جبکہ نوجوانوں کو پودوں کی اہمیت و افادیت کے بارے میں شعور دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ہر شخص کو اپنی زندگی میں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے چاہئیں جو نہ صر ف ہماری صحت کو فائدہ دیتے ہیں بلکہ خوبصورت ماحول کا بھی باعث بنتے ہیں۔

اس موقع پر ہارٹی کلچر آفیسر پروفیسر ڈاکٹر راشد مختار بلال نے وائس چانسلر کو بتایا یونیورسٹی کے دونوں کیمپسز اور کالجز کو سرسبز رکھنے کے لئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں طالب علموں کو شجرکاری کے حوالے سے نہ صرف شعور دیا جا رہا ہے بلکہ طلبہ اپنے اساتذہ کے ساتھ مل کر شجرکاری مہم میں جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمود الحسن نے وطنِ عزیز کی سلامتی اور ترقی کے لئے خصوصی دعا کروائی۔

متعلقہ عنوان :