ماں اور بچے کی بہتر صحت بہتر غذائيت سے ہی وابستہ ہے ، اسٹنٹ کمشنر میرپورخاص شہریار حبیب

UbaidUllah Kori عبید اللہ کوری منگل 19 مارچ 2024 16:47

میرپورخاص ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مارچ 2024ء ) ماں اور بچے کی صحتمند اور بہتر زندگی بہتر غذائيت سے ہی وابستہ ہے . اس لیے ضروری ہے کہ تمام اداروں کو مل کر غذائیت کی کمی کی روکتھام کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے . ان خیالات کا اظہار اسٹنٹ کمشنر میرپورخاص شہریار حبیب نے دربار ہال میرپورخاص ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی فار ایکسلرٹیڈ ایکشن پروگرام کے ممبران سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا .

انہوں نے مزید کہا کہ ماں اور بچے میں غذائیت کی کمی کا ہونا خطرے کی علامات میں سے ہیں اس لیے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے ، ہم آہنگی کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ماں اور بچے کی زندگی کو محفوظ بنایا جا سکے .

(جاری ہے)

شہریار حبیب کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی جانب سے صحت کی بہتری کے لیے تمام شعبہ جات کے ساتھ ساتھ غذائیت پر بھی کام کر رہی ہے .

اجلاس میں پی ای ڈی کے غذائیت پروگرام کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آفیسر خاوند بخش سیال نے بتایا کہ حکومت سندھ کی جانب سے سندھ بھر کے تمام اضلاع میں ماں اور بچے کی بہتر صحت کے لیے غذائیت کا پروگرام شروع کیا ہے تاکہ ماں اور بچے کی زندگی کو محفوظ بنایا جا سکے اس پروگرام میں پی پی ایچ آئی، لائیو اسٹاک ، زراعت ، بہبود آبادی ، صحت ، سوشل ویلفیئر اور سماجی تنظیموں کا کردار اہمیت کا حامل ہے اورکہا کہ اس پروگرام کے تحت 2030 تک غذائیت کی کمی کو 30 فیصد تک کرنے کا ہدف حاصل کیا جا سکے .

اجلاس میں اسٹنٹ کمشنر تعلقہ حسین بخش مری عرفان نظامانی ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک میرپورخاص ڈاکٹر گدا حسین ، ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی کرنل (ر) اختیار علی ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر دلبر مری ، بلدیات ، محکمہ اطلاعات سمیت شفا، آر ڈی ایف ، پی وی ڈی پی ، سی ایس ایس پی سماجی تنظیم کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر محمد بخش کپری، بیداری آرگنائیزیشن کی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ایڈوکیٹ انجم ، ایس پی او کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر بھنسی مالھی ، اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی .