امیر بالاج قتل کیس، پولیس نے ملزم طیفی بٹ کے موقف کی تردید کردی

شوٹر مظفر مالشیا نہیں بلکہ گزشتہ بائیس سال سے طیفی بٹ کا گن مین تھا‘ پولیس کا دعویٰ

منگل 19 مارچ 2024 19:33

امیر بالاج قتل کیس، پولیس نے ملزم طیفی بٹ کے موقف کی تردید کردی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) لاہور پولیس نے امیر بالاج قتل کیس میں نامزد ملزم طیفی بٹ کے موقف کی تردید کردی۔پولیس ذرائع کے مطابق امیر بالاج کو قتل کرنے والا شوٹر مظفر پیشہ ور مالشیا نہیں بلکہ ملزمان کا گن مین تھا اور اس نے تین ماہ قبل بھی حملے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہوسکا۔سی آئی اے پولیس کی جانب سے نشاندہی ملزم کی تصاویر کی مدد سے کی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق امیر بالاج پر گولیاں چلانے والے شوٹر مظفر کی اسلحہ تھامے تصاویر نامزد ملزم گوگی بٹ کے گھر کے باہر کی ہیں۔پولیس کی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ شوٹر تین ماہ قبل مالشیا بن کر امیر بالاج کے ڈیرے پر بھی گیا لیکن سکیورٹی سخت ہونے کی وجہ سے حملہ نہیں کرسکا۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ شوٹر مظفر گزشتہ بائیس سال سے طیفی بٹ کا گن مین تھا۔یاد رہے کہ پیر کے روز سی آئی اے پولیس لاہور نے امیر بالاج قتل کیس میں گرفتار ملزم احسن شاہ کو مقامی عدالت پیش کیا جہاں عدالت نے ملزم کا پانچ دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔