مائیکل کلارک کا عماد وسیم کی پاکستانی ٹیم میں عدم موجودگی پر حیرانگی کا اظہار

35 سالہ آل رائونڈر پی ایس ایل 9 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے اسٹار پرفارمر تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 20 مارچ 2024 11:01

مائیکل کلارک کا عماد وسیم کی پاکستانی ٹیم میں عدم موجودگی پر حیرانگی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 مارچ 2024ء ) سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے آل راؤنڈر عماد وسیم کی پاکستان ٹیم میں عدم موجودگی پر اپنا موقف بیان کیا ہے۔ 35 سالہ آل رائونڈر اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن نو ناک آؤٹ گیمز میں تین پلیئر آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے والے اسٹار پرفارمر تھے۔ عماد وسیم بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں اور پوری دنیا میں فرنچائز لیگز میں کھیل رہے ہیں۔

مائیکل کلارک، جو پی ایس ایل کے کمنٹری پینل کا حصہ تھے، نے عماد کی پرفارمنس کو سراہا اور سنسنی خیز فائنل کے بارے میں بھی بات کی جسے یونائیٹڈ نے آخری گیند پر ملتان سلطانز کے خلاف جیتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ "مجھے پسینہ آ رہا ہے، میں یقین نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

میں نہیں جانتا کہ کون جیت رہا ہے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ "عماد فائنل کے لیے میرے سب سے قیمتی کھلاڑی ہیں ، اگر وہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے لیے نہیں کھیل رہے ہیں تو یہ بہت غلط ہے۔

" گزشتہ ہفتے عماد وسیم نے کہا تھا کہ اگر وہ سلیکٹرز کی طرف سے بلائے جائیں تو وہ قومی ٹیم میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے پاکستان کے لیے کھیلتے ہوئے اپنا نام روشن کیا اور اگر میرے ملک کو میری ضرورت ہو تو میں دستیاب ہوں گا۔ اگر نہیں تو مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے‘‘۔ عماد وسیم نے کہا کہ ’شاہین نے مجھے ریٹائر ہونے کے بعد فون کیا لیکن میں نے انہیں کہا کہ پی ایس ایل کے بعد بات کریں گے۔

عماد وسیم جنہوں نے آخری مرتبہ مئی 2023ء میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، نے گزشتہ سال نومبر میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کو خیرباد کہا۔ یاد رہے کہ یونائیٹڈ نے 2016ء اور 2018ء میں فتح حاصل کرنے کے بعد اپنا تیسرا پی ایس ایل ٹائٹل اپنے نام کیا اور ٹورنامنٹ کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم بن گئی ہے۔