علی امین گنڈا پورنے رشوت مانگنے والے افسروں سے نمٹنے کا انوکھا طریقہ بتا دیا

رشوت مانگنے والے افسر کے سر پر اینٹ مارو اورمیرا نام لو، عوام غیرت کریں اور رشوت خور کو موقع پر سزا دیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا تقریب سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 20 مارچ 2024 14:45

علی امین گنڈا پورنے رشوت مانگنے والے افسروں سے نمٹنے کا انوکھا طریقہ ..
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 مارچ2024 ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ عوام غیرت کریں اور رشوت خور کو موقع پر سزا دیں،رشوت مانگنے والے افسر کے سر پر اینٹ مارو اور میرا نام لو، رشوت لینے اور دینے والا دونوں دوزخی ہیں۔ڈیرہ اسماعیل خان کے گاوٴں سیدعلیاں میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ رشوت مانگنے والے کے سر پر اینٹ مار کر اس کے بیٹے کو کہو کہ آپ کے والد کو جہنم سے بچایا ہے۔

رشوت مانگ کر یا دیکر نہ خود جہنمی بنیں اور نہ مجھے بنائیں ۔مجھ سے کبھی شکایت نہ کریں کہ فلاں شخص رشوت مانگ رہا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روزانسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی مقدمات کی سماعت کے دوران وزیراعلی خیبرپختونخوا سمیت 12 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ملزمان کو 2 اپریل کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیاتھا۔

(جاری ہے)

کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی تھی۔

عدالت نے علی امین گنڈا پور سمیت، شہباز گل، مسرت جمشید چیمہ، مراد سعید، شبیر اعوان، شیریں مزاری اور شبلی فراز کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ملزمان کے خلاف سانحہ 9 مئی کا مقدمہ تھانہ سٹی میں درج ہے، ملزمان کے وارنٹ گرفتاری ایس ایچ او تھانہ سٹی افتاب احمد کی استدعا پر جاری کئے گئے تھے۔ تمام ملزمان پر ساتھیوں کے ہمراہ میٹرو بس اسٹیشن، 15 آفس اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

ملزمان کو صداقت عباسی، واثق قیوم عباسی اور عمر تنویر بٹ کے 164 کے بیانات کی روشنی میں نامزد کیا گیا تھا۔ ملزمان کے خلاف 164 کے بیانات 17 جنوری کو ریکارڈ کروائے گئے تھے۔علی امین گنڈاپورسمیت 12 افراد کی وارنٹ گرفتاری پرخیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت نے اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ مینڈیٹ چوروں نے جعلی کیسز درج کئے گئے ہیں ۔اس حوالے سے بیرسٹرسیف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماوٴں کےخلاف تمام کیسز جعلی ہیں، جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، وفاقی حکومت حواس باختہ ہوکر انتقامی کاروائی پر اتر آئی ہے۔