فیسکو اپنے ریجن کے 53 لاکھ صارفین کی گھریلو و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کر دار ادا کر رہا ہے، ایڈیشنل ڈی جی طاہر شیخ

بدھ 20 مارچ 2024 17:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2024ء) ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل (پی آر) فیسکو طاہر شیخ نے کہا ہے کہ فیسکو اپنے ریجن کے آٹھ اضلاع کے53لاکھ صارفین کی گھریلو، معاشی اورتجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور صارفین فیسکو کی اولین ترجیح ہیں،صارفین کے تعاون اور ملازمین کی محنت کی وجہ سے فیسکو کا شمار پاکستان کی بہترین تقسیم کار کمپنیوں میں ہوتا ہے۔

یہ باتیں انہوں نے فیسکو ہیڈکوارٹرز کا مطالعاتی دورہ کر نے والے جی سی یونیورسٹی شعبہ ابلاغیات کے طلبا کو کمپنی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ تعلقات عامہ فیسکو کمپنی اور میڈیا کے درمیان پل کا کام کررہا ہے اور کمپنی کی امیج بلڈنگ،صارفین تک معلومات اور ترقیاتی کاموں،بجلی کی بندش کی معلومات کی فراہمی کی اشاعت میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبا و طالبات کو پاور سیکٹر اور بالخصوص فیسکو کی ورکنگ کے حوالے سے آگاہ کیا۔اس موقع پرطالب علموں کی نمائندگی کرتے ہوئے طالبہ عائشہ اطہر نے کہا کہ ادارہ کا شعبہ تعلقات عامہ انتہائی موثر انداز میں اسکی امیج بلڈنگ کررہا ہے اور طلبا و طالبات کو فیسکو کے دور ے سے انہیں پاور سیکٹر اور بالخصوص فیسکو کے شعبہ تعلقات عامہ کی ورکنگ سے آگاہی ملی ہے۔طلبا وطالبات نے ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل (پی آر) فیسکو طاہر شیخ سے پاور سیکٹر،بجلی کی پیداوار،اسکی تقسیم،لاسز اور بجلی چوری کے خلاف اقدامات سے متعلق سوالات کئے۔بعدازاں انہیں ڈسٹری بیوشن کنٹرول سنٹر،ریجنل کسٹمر سروسز سنٹر اور 132کے وی اولڈ تھرمل گرڈسٹیشن کا دورہ بھی کرایا گیا۔