پنجاب اسمبلی اجلاس ، اپوزیشن نے سانحہ 9مئی کی جوڈیشل تحقیقات کا مطالبہ کردیا

اجلاس ایک گھنٹہ 34 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا،احمد خان بھچر کی تقریر کے دوران عمران خان کی تصویرآویزاں کرنے پر ہنگامہ آرائی ،شورشرابہ ،ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 21 مارچ 2024 15:37

پنجاب اسمبلی اجلاس ، اپوزیشن نے سانحہ 9مئی کی جوڈیشل تحقیقات کا مطالبہ ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مارچ2024 ء) پنجاب اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن نے سانحہ 9مئی کی جوڈیشل تحقیقات کا مطالبہ کردیا،پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ کی صدارت میں ایک گھنٹہ 34 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں آج اپوزیشن کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور شور شرابہ کیا گیا ہے جبکہ حکومتی اراکین نے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کو تقریر کی دعوت دی گئی، احمد خان بھچر کی تقریر کے دوران اپوزیشن کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی تصویر آویزاں کی گئی جس پر لیگی رکن اسمبلی تحسین فواد نے اعتراض اٹھا دیا۔حکومتی بنچز کے اعتراض پر پی ٹی آئی اراکین برہم ہوگئے۔پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے لیگی قائدین کے خلاف ڈیسک بجاکر نعرے بازی کی جبکہ لیگی اراکین اسمبلی بانی پی ٹی آئی کی تصویر ہٹانے کا مطالبہ کرتے رہے۔

(جاری ہے)

حکومتی ارکان کی جانب سے اجلاس کا بائیکاٹ کیا گیا ہے۔ڈپٹی اسپیکر ظہیر اقبال نے بلال یاسین کو حکومتی ارکان کو منا کر واپس لانے کا ٹاسک دیا۔تاہم ہنگامہ آرائی اور شور شرابے کے باعث ڈپٹی سپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس کچھ دیر کیلئے ملتوی کردیا۔وقفے کے بعد دوبارہ اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کو دوبارہ خطاب کی دعوت دی گئی۔

اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ 9 مئی پر ہمارا بطور جماعت ایک موقف ہے، ہم 9 مئی کی جوڈیشل انکوائری کروانا چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا بھی موقف ہے کہ آزادانہ تحقیقات کروائی جائیں۔پنجاب میں کسانوں کو ٹیوب ویل چلانے پر سبسڈی دینا ہو گی بلوچستان حکومت نے کسانوں کیلئے 60فیصد سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔ بھل صفائی کا موسم نہیں لیکن پیسے رکھ دیئے گئے ہیں، بیوروکریسی یہ فنڈز کھا جائے گی۔