وزیراعلیٰ بیان ‘ قانون پر عملدرآمد یقینی بنانا حکومتی کام ‘ سکندر شیرپائو

وزیر اعلیٰ عوام کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے پراکسانے کی بجائے قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں ‘ صوبائی چیئرمین قومی وطن پارٹی

جمعرات 21 مارچ 2024 22:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2024ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے انتہائی غیر ذمہ دارانہ قرار دیااور کہا کہ ملک میں قانون موجود ہے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنانا حکومت اور انتظامیہ کا کام ہے جبکہ وزیر اعلیٰ عوام کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے پراکسانے کی بجائے قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔

اپنے ایک بیان میں انھوں نے وزیر اعلیٰ کے بیان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک اہم منصب پر براجماں شخص عوام کو قانون ہاتھ میں لینے پر اکسا رہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے اس قسم کے بیانات سے معاشرہ انارکی کا شکاراور بد امنی میں بھی اضافہ ہو جائے گا لہذا اس قسم کے سیاسی شو شے چھوڑنے کی بجائے ملکی آئین وقانون پر عملدرآمد یقینی بنانے والے متعلقہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے پر تو جہ دی جائے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہمارا صوبہ بے تحاشہ مسائل کا شکار ہیں اور یہاں پر امن و امان کی بدترین صورتحال سمیت مہنگائی و بے روز گاری اور توانائی بحران نے ڈھرے ڈالے ہوئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نان ایشوز میں الجھنے کی بجائے زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام کے بنیادی مسائل کوحل کرنے کی کوشش کرے۔