فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز ٹومیں اردن نے پاکستان کو 0-3گول سے شکست دیدی

جمعرات 21 مارچ 2024 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2024ء) فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز ٹومیں اردن نے پاکستان کو 0-3گول سے شکست دیدی۔پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے اہم میچ کا پہلا گول دوسرے منٹ میں موسیٰ التیماری نے کیا،دوسرا گول نویں منٹ میں علی الوان نے پینلٹی کک پر کیا ،موسیٰ التیماری نے66ویں منٹ میں تیسرا گول سکورکیا۔

میچ میں اردن کو دو پینلٹی ککس ملیں، پاکستانی گول کیپر یوسف اعجاز بٹ نے متعدد گول بچائے۔فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان مسلسل تیسرا میچ ہارگیا۔میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سٹیفن کانسینٹائن نے کہا کہ اردن کیخلاف میچ نہیں جیت سکے ،تین چار ماہ میں ٹیم کو تیار کرنا آسان نہیں، وقت کے ساتھ ساتھ گیم میں بہتری آ رہی ہے، کھیل کے پہلے پندرہ منٹ میں دوگول ہوجانا پریشان کن تھے،میچ کی شکست پر دکھ ہے، ہم نے مزید بہتر کرنا ہے، اگلے میچز میں بہتر پلاننگ کریں گے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے گول کیپر یونس بٹ نے کہا کہ آج پاکستان اچھا کھیلا ہے ،میچ میں ہر گول بچانے کی کوشش کی، پاکستان فٹ بال کی بہتری کیلئے لیگ کا ہونا ضروری ہے، پاکستان میں فٹ بال کا بہت ٹیلنٹ ہے۔ اردن کے ہیڈکوچ حسین عموتانے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میچ سے قبل معلوم تھا کہ میچ آسان نہیں ہوگا،پاکستان کے خلاف میچ کی تیاری کے لیے 5 روز ملے تھے،ہم نے تسلسل کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی،پاکستان کو میچ میں پریشر ڈالنے کی کوشش کی،اردن نے معمول کے مطابق فارنیشن پر میچ کھیلا،ہمارے کھلاڑیوں نے کافی شاٹس ٹارگٹ پر ماریں،رمضان میں کھیلنا مشکل ہوتاہے، تاجکستان کے خلاف اہم میچ ہوگا، دوسرے سپاٹ کے لیے میچ ہوگا، پاکستانی شائقین فٹ بال کا شکریہ ، انہوں نے سپورٹ کیا۔

اردن کے فٹ بالرموسیٰ التیماری نے کہا کہ پاکستانی فٹ بال شائقین فیملی کی طرح ہیں۔