وزیراعلیٰ سندھ سے امریکا کے قونصل جنرل کی یو ایس ایڈ مشن ڈائریکٹر کے ہمراہ ملاقات

جمعہ 22 مارچ 2024 11:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے امریکا کے قونصل جنرل کونراڈ ٹریبل نے ملاقات کی ہے ۔اجلاس کے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یو ایس ایڈ سندھ میں شعبہ تعلیم میں کچھ نئے منصوبے لائے۔سید مراد علی شاہ نے کہاکہ سیلاب کے باعث بڑی تعداد میں سکول عمارتیں متاثر ہوئی ہیں،چاہتے ہیں کہ یو ایس ایڈ اسکول کی عمارتوں کی تعمیر میں تعاون کرے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سیلاب نے سندھ میں 21 لاکھ گھر متاثر ہوئے ہیں،5 ہزار گھروں کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری ہوچکے ہیں،ایک ہزار گھروں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت نے محکمہ سوشل پروٹیکشن قائم کیا ہے،غذائی قلت کے منصوبے پر کام محکمہ سماجی بہبود نے شروع کردیا ہے۔

(جاری ہے)

یو ایس قونصل جنرل نے گفتگو کرتے ہوٸئے کہا کہ گوگل کراچی میں ٹریفک مینجمنٹ پروگرام شروع کرنا چاہتی ہے، جس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت گوگل کی بھرپور تعاون کرے گی۔

یو ایس مشن ڈائریکٹر نے کہا کہ یو ایس ایڈ موسمیاتی تبدیلی کا منصوبہ تعلیم کیلئے لانا چاہتی ہے،یو ایس ایڈ اسکول کی عمارتوں میں بھرپور تعاون کرے گی۔یو ایس ایڈ پاکستان کی سربراہ نے وزیراعلیٰ کے شعبہ تعلیم میں دلچسپی کو سراہا۔انہوں نے مزید کہا کہ مدر چائلڈ نیوٹریشن پر سندھ میں کام کرنا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون پر یو ایس ایڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔اجلاس میں طے ہوا کہ یو ایس ایڈ اور محکمہ پی اینڈ ڈی کا الگ اجلاس ہوگا،اجلاس کے ایجنڈا میں سیلاب متاثرہ سکولوں کی تعمیر اور غذائی قلت کے منصوبوں پر بحث ہوگا۔ ملاقات میں یو ایس ایڈ مشن ڈائریکٹر کیٹ سومونگسیری،چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، وزیراعلیٰ کے سیکرٹری رحیم شیخ بھی موجودتھے۔