آئی ایم ایف نے حکومت کوپٹرول پر 18فیصد جی ایس ٹی بحال کرنے کا مطالبہ کردیا

پیٹرولیم کی مصنوعات میں ایک اور پالیسی تبدیلی لانا چاہیے ،پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں بڑے اضافے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات پر محصولات میں 2019 سے کمی ہوئی ہے،آئی ایم ایف

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 22 مارچ 2024 11:47

آئی ایم ایف نے حکومت کوپٹرول پر 18فیصد جی ایس ٹی بحال کرنے کا مطالبہ ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مارچ2024 ء) آئی ایم ایف نے پٹرول پر 18فیصد جی ایس ٹی بحال کرنے کے ساتھ ساتھ پٹرول پر لیول 60روپے کرنے کا مطالبہ کردیا ہے،آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم کی مصنوعات میں ایک اور پالیسی تبدیلی لانا چاہیے اور یہ کہ انہیں مارچ 2022 میں سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ کر دیا گیا تھا۔ آئی ایم ایف کے مطابق پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں بڑے اضافے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات پر محصولات میں 2019 سے کمی ہوئی ہے۔

پیٹرول پر محصول کی مجموعی شرح 2019 میں 29فیصد تھی، اس میں پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی اور سیلزٹیکس دونوں 14.5فیصد ہوا کرتے تھے۔ ستمبر 2023 میں سیلز پرائس پر مجموعی ٹیکسز 19.6فیصد تھے، پیٹرول پر ٹیکس کی نسبتاً کم شرح سیلز پرائس سے بھی منعکس ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف نے باور کراتے ہوئے منتخب ہمسایہ ممالک اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کی مثال بھی دی ہے۔آئی ایم ایف کے مطابق پیٹرول پمپوں پر گیس کی اوسط قیمت 1.12 ڈالر فی لیٹر تھی جبکہ پاکستان میں یہ 0.97 ڈالر فی لیٹر تھی۔

پاکستان اور دیگر ہم عصر ممالک میں 2023 میں ڈیز ل کی پیٹرول پمپوں پر قیمت اوسطاً ایک ڈالر فی لیٹر تھی۔آئی ایم ایف کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کا استثنیٰ ختم کرنے سے قیمت میں 18فیصد تک اضافہ ہوگا جو کہ جنرل سیلز ٹیکس کی معیاری شرح ہے۔عالمی مالیاتی فنڈ کا مزیدکہنا ہے کہ مقامی طور پر تیار کی گئی سیگریٹ پر وفاقی ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی ایک ہی شرح لاگو کی جائے، چاہے منصوبہ مقامی ہو یا غیر مقامی ہو، اور ماحول کوآلودہ کرنے والی مشینری پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) لگانے کی تجویز دی ہے۔

آئی ایم ایف نے ایف بی آر سے بھی کہا ہے کہ ملک میں تیار شدہ کارڈ اور پرتعیش اشیاءجیسے کہ یاٹس ( جدید بحری کشتیوں ) پر بتدریج ایکسائز ڈیوٹی بڑھاتے ہوئے سرحدی کنٹرول کو بڑھایا جائے تاکہ خاص طور پر حساس علاقوں سے تیل کی ذیلی مصنوعات کی غیر قانونی فراہمی سے بچا جاسکے۔