اسلام آباد،علی امین گنڈاپور کیخلاف احتجاج، توڑ پھوڑ کے 2 مقدمات میں وارنٹ گرفتاری منسوخ

جمعہ 22 مارچ 2024 15:39

اسلام آباد،علی امین گنڈاپور کیخلاف احتجاج، توڑ پھوڑ کے 2 مقدمات میں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) اسلام آباد کی مقامی عدالتوں نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بنی گالہ اور تھانہ گولڑہ میں درج احتجاج اور توڑ پھوڑ سے متعلق 2 مقدمات میں وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دئیے۔سینئر سول جج قدرت اللہ نے وزیر اعلی خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور کی تھانہ بنی گالہ میں درج مقدمے میں وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت علی امین گنڈاپور اپنے وکیل راجا ظہور الحسن کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل راجا ظہور الحسن نے مہف اپنایا کہ الیکشن مصروفیات کی وجہ سے عدالت پیش نہیں ہو سکے تاہم جمعہ کو پیش ہوگئے ہیں، وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے جائیں۔عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

(جاری ہے)

وکیل راجا ظہور الحسن کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ علی امین گنڈاپور کو ائندہ سماعت کے لیے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جس پر جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیے کہ حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کر دیں، اس کو دیکھ لیتے ہیں۔

عدالت نے علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ بنی گالہ میں درج مقدمے پر سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی۔بعد ازاں، وزیر اعلی خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے میں ایڈیشنل سیشنز جج عبد الغفور کاکڑ کی عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل کی جانب سے تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے میں بھی علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی استدعا کی گئی۔

عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے اور تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے کی سماعت بھی 17 اپریل تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ 20مارچ کو وزیراعلی خیبرپختونخوانے اپنے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی لیڈرشپ کے خلاف کیسز کے ثبوت پیش کرنے کا پیغام دیا تھا لیکن وفاق اور حکومت پنجاب کو شرافت کی زبان سمجھ نہیں آتی۔